• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

شاعر احمد فرہاد کے خلاف آزاد کشمیر میں درج ایف آئی آر سامنے آگئی

شائع May 29, 2024
فائل فوٹو:
فائل فوٹو:

شاعر احمد فرہاد کے خلاف تھانہ دھیر کوٹ آزاد کشمیر میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) سامنے آگئی۔

’ڈان نیوز ’ کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ ان کی بازیابی کے لیے زیر سماعت مقدمے میں ان کی وکیل ایمان مزاری نے ایف آئی آر کی تصدیق کردی۔

رپورٹ کے مطابق ان کے خلا ف ایف آئی آر کار سرکار میں مداخلت کی دفعہ 186 کے تحت درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کوہالہ چوک کی جانب سے آتے ہوئے کیری ڈبے کو چیک پوسٹ پر روکا، گاڑی کے ڈرائیور سے شناختی کارڈ طلب کیا گیا، گاڑی میں بیٹھے ایک شخص کی جانب سے پولیس سے بدتمیزی کی گئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیاکہ اس شخص نے تلخ کلامی کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ چیک نہیں کر سکتے، تلخ کلامی کرنے والے شخص نے اپنا نام سید فرہاد علی شاہ بتایا۔

واضح رہے کہ آج ہی وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چند روز سے لاپتا شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کی تھی، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان اٹارنی جنرل نے تھانہ رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ احمد فرہاد گرفتار اور دھیرکوٹ آزاد کشمیر پولیس کی حراست میں ہیں۔

واضح رہے کہ 16 مئی کو آزاد کشمیر کے صحافی و شاعر فرہاد علی شاہ کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں کیا گیا تھا۔

شاعر فرہاد علی شاہ کی زوجہ سیدہ عروج کی مدعیت میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں فرہاد علی کی اہلیہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ میرے خاوند کو نامعلوم افراد نے سوہان گارڈن سے اغوا کیا اور بغیر وارنٹ ہمارے گھر میں داخل ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے ہمارے گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑے اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گیے۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ نامعلوم افراد میرے خاوند کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر لے گیے، میرے خاوند بیمار ہیں اور ان کے لیے ادویات لازم ہیں لہٰذا میرے جاننے کے بارے میں ہمیں معلومات فراہم کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا شاعر احمد فرہاد کو آج ہر صورت بازیاب کرا کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 1 جولائی 2024
کارٹون : 30 جون 2024