• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

گورنر سندھ کا حیدرآباد دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20لاکھ روپے دینے کا اعلان

شائع June 4, 2024
گورنر سندھ کامران ٹیسوری حیدرآباد میں سانحہ پریٹ آباد کے متاثرین سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
گورنر سندھ کامران ٹیسوری حیدرآباد میں سانحہ پریٹ آباد کے متاثرین سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حیدرآباد میں سیلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20لاکھ روپے کے ساتھ ساتھ انہیں سرکاری ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے سانحہ پریٹ آباد میں سیلنڈر دھماکے کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔

حیدرآباد میں سانحہ پریٹ آباد کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سانحہ پریٹ آباد کی جتنی تعزیت اور مذمت کی جائے کم ہے، جو اس سانحے میں شہید ہوئے وہ کسی کا سہارا تھے جو آج چھین گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام شہدا کی فیملیز اور زخمیوں کی فیملیز سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، سلنڈر دھماکا ایک بہت افسوسناک واقعہ تھا، سانحہ پریٹ آباد میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس نے ہر آنکھ اشکبار کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے، یہاں بھی کراچی کے طرز کے بڑے اسپتال ہونے چاہئیں تاکہ پریٹ آباد جیسے واقعات میں لوگوں کی جانیں محفوظ کی جا سکیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے اور اگر انہیں علاج کے لیے بیرون ممالک بھی بھیجنا پڑا تو بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کا بھی انتظام کریں گے اور کسی کے روزگار کا مسئلہ ہوا تو اسے وہ بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس سے 5 لاکھ70ہزار لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو مفت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کورسز کرائے گئے جس سے وہ نوجوان ڈالرز میں کما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں فوری طبی امداد کی سہولت میسر نہیں تھی لیکن ہمیں حیدرآباد سول ہسپتال کے برنس وارڈ کو فعال کرنا ہے، شہر میں راجپوتانہ ہسپتال بند ہے لیکن ہم اسے فعال کریں گے۔

یاد رہے کہ حیدرآباد سیلنڈر دھماکے کے مزید چار زخمی سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ میں دم توڑ گئے جس کے بعد واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔

کراچی کے سول ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق برنس وارڈ میں زیر علاج 14سالہ عباس، 14سالہ عمیر اور 17سالہ علیشاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

برنس وارڈ میں 23 مریض منتقل کیے گئے تھے جن میں سے 18مریض انتقال کرچکے ہیں اور پانچ زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024