• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

انتخابات میں جیت کے بعد کنگنا رناوٹ کو خاتون اہلکار نے تھپڑ رسید کردیا

شائع June 6, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے انتخابات میں جیتنے کے فوری بعد ہی بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو ایئرپورٹ پر مامور خاتون سیکیورٹی اہلکار نے تھپڑ رسید کردیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق ریاست پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ کے ایئرپورٹ پر مامور سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورسز (سی ائی ایس ایف) کی خاتون اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ جڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون اہلکار نے چیک اپ کے دوران کچھ بحث کے بعد ہی اداکارہ کو تھپڑ رسید کردیا، جس پر وہاں مامور دوسرے اہلکار اور ایئرپورٹ حکام بھی جمع ہوگئے اور انہوں نے اداکارہ کو مزید تھپڑ لگنے سے بچالیا۔

اداکارہ کو تھپڑ لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کنگنا رناوٹ کو تھپڑ مارنے والی خاتون اہلکار مزے سے ایئرپورٹ پر گھومتی دکھائی دیں۔

بعد ازاں کنگنا رناوٹ نے خود کو تھپڑ لگنے کے واقعے پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہیں خاتون اہلکار نے چہرے پر تھپڑ رسید کیا۔

کگنا رناوٹ نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور انہیں زیادہ چوٹیں نہیں لگیں اور انہیں سیکیورٹی والوں نے محفوظ بنایا۔

ان کے مطابق انہوں نے خاتون اہلکار سے تھپڑ رسید کرنے کا سبب پوچھا، جس پر اہلکار نے بتایا کہ انہیں اداکارہ کی جانب سے کسانوں کے احتجاج سے متعلق دیا گیا بیان نامناسب لگا تھا، جس پر انہوں نے تھپڑ رسید کیا۔

کنگنا رناوٹ نے خاتون اہلکار کی جانب سے تھپڑ مارنے کو بھارتی ریاست پنجاب میں بڑھتی دہشت گردی اور تشدد سے جوڑا اور کہا کہ سوچنے کا مقام ہے کہ پنجاب میں کس طرح دہشت گردی اور دہشت گرد بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب خاتون اہلکار نے بتایا کہ انہیں کنگنا رناوٹ کی جانب سے کسانوں کے خلاف دیا گیا بیان برا لگا تھا، جس میں اداکارہ نے کہا تھا کہ کسان بلیک میلنگ اور 100 روپے لینے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

خاتون اہلکار کے مطابق ان کی والدہ بھی کسان احتجاج میں شریک تھیں اور ان کی والدہ 100 روپے کے لیے نہیں اپنے حقوق کے لیے احتجاج پذیر تھیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق کنگنا رناوٹ کو تھپڑ رسید کیے جانے کے بعد خاتون اہلکار کو معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024