• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

بابراعظم نے شکست کی وجہ سست بیٹنگ کو قرار دیدیا

شائع June 10, 2024
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو /  ایکس
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو / ایکس

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ہماری بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی، بلے بازوں نے بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں جس کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، پچ اچھی تھی لیکن گیند توقع کے مطابق بیٹ پر نہیں آرہی تھی۔

ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے شہر نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی بیٹنگ لائن آسان ہدف بھی حاصل نہ کرسکی اور 6 رنز سے ہارگئی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے آسان ٹوٹل کے دفاع میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے نہ صرف ڈاٹ بالز کروائیں بلکہ پاکستان کے اہم بلے بازوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارت سے شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم نے میچ جیتنے کے لیے آسان پلان بنایا لیکن بدقسمتی سے اس پر عمل نہیں کرسکے، بلے باز پاور پلے کا بھرپور استعمال نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہدف بنایا تھا کہ ابتدائی 6 اوورز میں 40 سے 45 رنز بنانے ہیں لیکن پہلی وکٹ گرنے کے بعد ہی بلے باز لڑکھڑاگئے اور ہم اپنا ٹارگٹ پورا نہ کرسکے، جب کہ ابتدائی 10 اوورز میں بھی ہم اپنے پلان کے مطابق نہیں کھیل سکے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہم میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھے لیکن بلے بازوں نے مڈل اوورز میں بہت زیادہ ڈاٹ بالز کیں جس کا نقصان ہمیں آخر میں ہوا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 6.1 اوور سے 15.6 اوور کے دوران 29 ڈاٹ بالز کھیلی جو تقریباً 5 اوورز بنتے ہیں، اور ان اوورز میں پاکستان نے صرف 3 وکٹیں گنوا کر صرف 50 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے آخری 10 اوورز میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 119 رنز تک محدود کیا جو اس وکٹ پر زیادہ مشکل ہدف نہیں تھا، ابتدائی 10 اوورز میں ہماری بیٹنگ اچھی جارہی تھی اور وکٹیں بھی نہیں گری تھیں لیکن پھر مسلسل وکٹیں گرنے سے ہمیں نقصان ہوا۔

یاد رہے کہ 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے ابتدا میں زیادہ وکٹیں نہیں گنوائیں لیکن وہ رنز کرنے میں بھی ناکام رہے، قومی ٹیم پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 35 رنز ہی بناسکی، جب کہ 12 اوورز کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 72 رنز بنالیے تھے۔

بظاہر، یہاں سے پاکستان کی جیت بہت آسان دکھائی دے رہی تھی لیکن پھر جسپریت بمرا اور ہاردک پانڈیا اپنی ٹیم کو واپس میچ میں لائے، پانڈیا نے فخرزمان کو پویلین واپس بھیجا تو اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر بمرا نے محمد رضوان کو بولڈ کرکے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

بابراعظم نے مزید کہا کہ مسلسل دو شکستوں کے بعد ہم کوشش کریں گے کہ اگلے دونوں میچ جیت جائیں اور ہم بیٹھ کر اپنی غلطیوں کی نشاندہی کریں گے۔

واضح رہے کہ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان کی سپرایٹ مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے، قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ سے مدمقابل ہوگی، تاہم پاکستان کی اگلے مرحلے میں رسائی امریکا کے دونوں میچز ہارنے سے مشروط ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024