• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

ہمیں سیاست سے بڑھ کر اپنی معیشت کو دیکھنا ہے، گورنر سندھ

شائع June 17, 2024
گورنر سندھ کراچی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
گورنر سندھ کراچی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے غیرملکی کاروباری حضرات اور سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سے سے مستفید ہونے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سیاست سے بڑھ کر اپنی معیشت کو دیکھنا ہے۔

کراچی میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج خیریت سے گورنر ہاؤس میں عید کی نماز ادا کی گئی، میں اپنی اور ان سب کی جانب سے پاکستان اور دنیا کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، عمان، ملائیشیا، ترکیہ و دیگر پاکستان کی مالی مدد کرنے کو تیار ہیں اور پاکستان میں خوشحالی آنے والی ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کو ہمارا پیغام ہے کہ ہم متحد ہیں اور ہمارے تمام دوست ممالک بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں جو پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور اچھے برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا اور پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام اسلامی ممالک کے دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ خصوصی سرمایہ سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) میں سرمایہ کاری کریں جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی موقع فراہم کیا گیا، یہ تمام ممالک اپنے ملکوں سے کاروباری حضرات کو پاکستان لائیں اور سرمایہ کرائیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سندھ اور کراچی سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے اور میں بحیثیت گورنر سندھ ان کو دعوت دیتا ہوں کہ ہم ان کے سامنے وہ مواقع رکھیں گے جس میں ان ممالک کے سرمایہ کاروں کو فائدہ ہو گا لیکن پاکستان کی معیشت اس وقت محسوس کرتی ہے کہ ہمارے تمام دوست ممالک اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور اس ترقی کے سفر میں آپ کا ساتھ ہمیں ہمیشہ یاد رہے گا۔

اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے بڑی خوشی کا مقام ہے کہ کراچی میں موجود تمام اسلامی ممالک کے قونصل جنرل یہاں موجود ہیں اور ہم مل کر یہاں فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مسائل سے باہر نکل رہا ہے اور صحیح سمت میں سفر شروع کرنے جا رہا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم سارے پاکستانیوں کو اپنی پوری قوم سے معافی مانگیں، چاہے وہ حکومت میں ہیں یا نہیں لیکن انہوں نے ایسے مواقع ضائع کیے جہاں پاکستان ترقی کی منزل کی طرف جا سکتا تھا، آج کے دن ہمیں ایک دوسرے کو معاف کرنا چاہیے اور پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیں آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست سے بڑھ کر اپنی معیشت کو دیکھنا ہے، اپنے دوستوں کو دیکھنا ہے، پڑوسی ممالک ہمارے منتظر ہیں اور ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن آج ہم سیاست نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024