• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

پی ٹی آئی حامیوں کے زبردستی بجلی بحال کرنے پر پیسکو نے خطرے کی گھنٹی بجادی

شائع June 21, 2024
تصویر ڈان نیوز
تصویر ڈان نیوز

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی وقومی اسمبلی نے جمعرات کو مختلف گرڈ اسٹیشنز میں زبردستی داخل ہوکر ایک بار پھر بجلی بحال کی جس پر بجلی فراہم کرنے والی کمپنی نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ وقبائلی امور نے بھی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ غیر شیڈول لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

لوڈ شیڈنگ پر خیبرپختونخوا اور وفاق میں بظاہر گزشتہ ماہ معاملات طے پاگئے تھے لیکن عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران صوبے میں بدترین لوڈشیڈنگ کے بعد عوام نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر علی امین گنڈا پور متعدد صوبائی ارکان اسمبلی کے ہمراہ گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کی تھی اور وفاق کو خبردار بھی کیا تھا۔

انہوں نے زبردستی ان علاقوں میں بجلی بحال کی، جہاں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے ’ہائی لائن لاسز‘ کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جارہی تھی۔

اس حوالے سے اب پیسکو نے وفاق کو خط لکھا ہے کہ اگر زیادہ نقصان والے فیڈرز پر مسلسل بجلی بحال کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو بجلی کی تقسیم کا نظام ممکنہ طور پر تباہ ہو سکتا ہے۔

پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو 19 جون کو لکھے گئے خط میں، پیسکو کے سی ای او نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں ’منتخب نمائندوں‘ نے 18 جون کو 15 گرڈ سٹیشنوں سے 99 فیڈرز کو زبردستی سپلائی بحال کی، جب کہ صرف ایک روز بعد 5 گرڈ سٹیشنوں کے مزید 54 فیڈرز کو منتخب اراکین نے زبردستی آن کیا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے تمام زیادہ نقصان والے ہیوی لوڈ فیڈرز کو آن کرنا ممکن نہیں تھا، اور یہ مطالبہ بجلی کے نظام کو تباہ کردے گا۔

خط میں متنبہ کیا گیا کہ اس طرح کے کسی بھی نقصان کی صورت میں صارفین کو بجلی کے لیے ’گھنٹوں نہیں بلکہ کئی دنوں تک‘ انتظار کرنا پڑے گا، غیر تربیت یافتہ یا غیر متعلقہ افراد کے ذریعہ 11 کے وی سوئچ گیئر کو تبدیل کرنا سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوسکتا ہے۔

پیسکو چیف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پولیس کو ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024