• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

دوسرے شوہر ہمایوں سعید سے کم عمر ہیں،اس لیے انہیں آپا کہنے سے روک دیا، بشریٰ انصاری

شائع June 22, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

لیجنڈری اداکارہ، پروڈیوسر، ہدایت کار و گلوکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمایوں سعید کو آپا کہنے سے روک دیا ہے، کیوں کہ ان کے دوسرے شوہر اداکار سے بھی کم عمر ہیں۔

بشریٰ انصاری حال ہی میں نیو ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ کی اسی پروگرام کی وائرل ہونے والی ایک کلپ میں انہیں اپنی دوسری شادی اور لوگوں کی جانب سے آپا کہنے کے معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

پروگرام میں جب میزبان نے اداکارہ کو کہا کہ وہ انہیں آپا نہیں کہیں گے، اس پر بشریٰ انصاری نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں ہمایوں سعید کو بھی آپا پکارنے سے روکا ہے۔

اداکارہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں گزشتہ 20 یا 30 سال سے آپا کہنے کا روج چلا آ رہا ہے اور یہ لفظ خاتون کو عزت دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔

ان کے مطابق انہیں کیمرا مین سے لے کر اسپاٹ بوائے، اسٹنٹ ہدایت کار اور پروڈیوسر بھی آپا کہتے ہیں اور انہیں برا نہیں لگتا، کیوں کہ آپا کا لفظ خاتون کو عزت دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔

بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ آپا سے قبل ماضی میں شوبز انڈسٹری میں ہر خاتون کو میڈم کہنے کا رواج تھا، ہر اداکارہ اور خاتون کو ہر کوئی میڈم کہتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حالانکہ اس زمانے میں صرف ایک ہی میڈم ہوتی تھیں ملکہ ترنم نورجہاں اور ابھی تک صرف وہ ایک ہی میڈم ہیں لیکن مذکورہ لفظ بھی خاتون کو عزت دینے کے لیے کہا جاتا تھا۔

سینیئر اداکارہ کے مطابق لیکن آج کل کی اداکاراؤں کو آپا کہ کر دیکھیں تو کیا ہوتا ہے؟ اور انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہانیہ عامر کو آپا کہیں اور دیکھیں کہ رد عمل کیا آتا ہے؟

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے ہمایوں سعید کو آپا کہنے سے روک دیا، کیوں کہ ان کے دوسرے شوہر اداکار سے کم عمر ہیں۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہوں نے دوسری شادی بھی اقبال سے اسی لیے کی کہ لوگوں کو ان کے شوہر کا نام یاد رکھنے میں مشکل نہ ہو۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے پہلی بار مئی 2023 میں دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان کی دوسری شادی کی خبریں نومبر 2019 میں آنا شروع ہوئی تھیں کہ انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی۔

اس وقت اقبال حسین نے بشریٰ انصاری سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی، بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2023 میں دوسری شادی کی تصدیق کی لیکن یہ نہیں بتایا کہ ان کی شادی کب ہوئی تھی۔

بشریٰ انصاری نے 2020 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے پہلے شوہر اقبال انصاری سے شادی کے 36 سال بعد طلاق لی تھی۔

بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کا اعتراف کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی متعدد بار بتایا ہے کہ ان کے دوسرے شوہر ان سے کافی کم عمر ہیں۔

بشریٰ انصاری نے اپریل 2024 میں یوٹیوب ویڈیو میں بتایا تھا کہ ان کے نواسے دوسرے شوہر کے بچوں کے ہمراہ پڑھتے ہیں اور ان کے نواسوں اور دوسرے شوہر کے بچوں میں اچھی دوستی ہے۔

اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دوسرے شوہر ہمایوں سعید سے بھی کم عمر ہیں، اس لیے انہوں نے ہمایوں سعید کو آپا کہنے سے روک دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024