• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

کراچی میں آج بھی مزید 12 افراد کی لاشیں برآمد

شائع June 24, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

گزشتہ روز 10 لاشیں ملنے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں سے آج بھی 12 افراد کی لاشیں ملیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز 10 افراد کی لاشیں ملنے کے بعد آج بھی مزید 12 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی لاشوں کو عباسی شہید، سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو اداروں کے مطابق لاشیں صدر سرجیکل مارکیٹ، نیوکراچی، لانڈھی، گلستان جوہر، پرانا گولیمار ، سپر ہائی وے، کریم آباد، آرام باغ اور اورنگی ٹاؤن سے نو افراد کی لاشیں ملیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق لانڈھی میں ہسپتال چورنگی سے سلطان نامی محنت کش کو لایا گیا جس کی موت ہیڈ اسٹروک سے واقع ہوئی ہے جبکہ مرنے والوں پانچ نشے کے عادی افراد ہیں۔

اس کے علاوہ نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن اور شاہ فیصل کالونی سے گداگر خاتون سمیت تین لاشیں ملیں۔

پولیس سرجن نے جناح ہسپتال لائی گئی گداگر خاتون سمیت تین لاشوں میں سے دو افراد کی موت ہیٹ اسٹروک سے ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں سے بعض منشیات کے عادی تھے جبکہ دیگر افراد شدید گرمی اور حبس سے فوت ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ جامع کلاتھ، گولیمار، سُپر ہائی وے، گلستان جوہر اور لانڈھی سے پانچ افراد کی لاشیں ملیں جبکہ سُرجانی ٹاؤن، کنیز فاطمہ سوسائٹی اور کریم آباد سے مزید تین افراد کی لاشیں ملیں۔ تمام لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے ڈان کو بتایا کہ مرنے والوں کے جسم پر زخم کے نشانات نہیں تھے، ان کی شکل و صورت اور حلیے سے لگتا ہے کہ وہ نشے کے عادی تھے جن کی لاشیں فٹ پاتھ یا سڑک کنارے سے ملیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے عہدیدار سلمان ایدھی اور چھیپا کے شاہد حسین دونوں نے ڈان کو بتایا کہ اتوار کو شہر کے مختلف حصوں سے کل 10 لاشیں برآمد کی گئیں۔

دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی فیصل ایدھی نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران شہر میں ان کے تین مردہ خانوں میں لائی جانے والی لاشوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

فیصل ایدھی نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ عام طور پر سہراب گوٹھ مردہ خانے میں 30 سے ​​35 لاشیں ’غسل‘ کے لیے لائی جاتی ہیں لیکن 23 جون کو کل 95 لاشیں لائی گئیں، اسی طرح موسیٰ لین مردہ خانے میں روزانہ 5 سے 7 لاشیں لائی جاتی ہیں لیکن 23 جون کو 35 لاشیں لائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورنگی کے مردہ خانے میں عام طور پر 5 سے 6 لاشیں لائی جاتی ہیں لیکن اتوار کو 10 لاشیں لائی گئیں۔

فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ہم اس بات پر تبصرہ نہیں کر سکتے کہ اموات کیسے ہوئیں لیکن مردہ خانے میں لاشوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اموات نامعلوم منشیات کے عادی افراد کی اموات کے علاوہ تھیں۔

اس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ موسیٰ لین، کورنگی اور سہراب گوٹھ کے تین مردہ خانوں کو بالترتیب 22 اور 23 جون کو ’غسل‘ کے لیے لائی گئی متعدد لاشوں سمیت کل 240 لاشیں موصول ہوئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 22 جون کو 30 لاشیں موسیٰ لین، 12 کورنگی اور 58 لاشیں سہراب گوٹھ کے مردہ خانہ میں لائی گئیں۔

آنے والے دنوں میں گرمی سے متعلق اس طرح کی مشتبہ اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید درجہ حرارت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے سربراہ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں پیر کا دن انتہائی گرم رہا اور درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ اگلے تین سے چار دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 40 کے قریب رہے گا اور نمی 45 سے 55 تک رہے گی اس لیے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024