• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:18pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 5:12pm

حکومتی قرضے گزشتہ 2 سال کے مجموعی قرضوں سے تجاوز کر گئے

شائع June 25, 2024
— فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد
— فائل فوٹو: ثوبیہ شاہد

رواں مالی سال کے پہلے 11 مہینوں میں حکومتی قرضے پچھلے دو مالی سالوں کے مجموعی قرضوں سے تجاوز کر گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بینکوں سے یہ بہت بڑا قرضہ اس وقت لیا گیا جب شرح سود غیر معمولی طور پر 22 فیصد پر تھی، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ قرض کی ادائیگی کا حجم بہت زیادہ بڑھ جائے گا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے تخمینے سے زیادہ ہو جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے جولائی 2023 سے 7 جون 2024 تک 73 کھرب روپے کا قرضہ لیا، قرض لینے کے لیے ابھی بھی 23 دن باقی ہیں۔

یہ مالی سال 2023 اور مالی سال 2022 میں حکومت کے اجتماعی قرضوں سے زیادہ تھا، جو زیادہ اخراجات کی عکاسی کرتا ہے جب کہ ترقیاتی بجٹ کو رواں مالی سال کے دیگر اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کم کیا گیا تھا۔

حکومت نے مالی سال 2023 میں 37 کھرب اور مالی سال 2022 میں 34 کھرب کا قرضہ لیا، مالی سال 2024 کے 11 مہینے کے 73 کھرب کا قرضہ مالی سال 2023-2022 کے مجموعی 71 کھرب روپے سے زیادہ ہے۔

بینکرز کا خیال ہے کہ مالی سال 2024 کے لیے 30 جون تک مجموعی قرضے 80 کھرب روپے تک پہنچ سکتے ہیں، اس حد سے زیادہ قرضے لینے سے حکومت کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر رقم خرچ کرنا عملی طور پر ناممکن ہو جاتا ہے، اس کے بجائے حکومت اپنی پوری ٹیکس آمدنی قرض کی خدمت پر خرچ کردیتی ہے۔

رواں مالی سال 2023-2024 کے بجٹ دستاویز کے مطابق، حکومت گھریلو قرضوں پر 72 کھرب روپے اور غیر ملکی قرضوں کی خدمت پر اضافی 10 کھرب روپے خرچ کرے گی، جس سے مجموعی طور پر 82 کھرب روپے ہو جائیں گے۔

آئندہ مالی سال 2025 میں، حکومت نے گھریلو قرضوں کے لیے 87 کھرب روپے اور غیر ملکی قرضوں کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو کہ کل 97 کھرب روپے کھا جائیں گے۔

حکومت کا تخمینہ ہے کہ مالی سال 2024 میں محصولات میں 30 فیصد اضافہ ہوگا اور اس کا خیال ہے کہ اگلے مالی سال میں اس میں 40 فیصد اضافہ ہوگا۔

اقتصادی ماہرین کا خیال ہے کہ حکومت مالی سال 2025 کے لیے مقرر کردہ 129 کھرب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل نہیں کر پائے گی کیونکہ وہ مالی سال 2024 کے 94 کھرب روپے کے ہدف کو پہلے ہی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، تاہم، نئی حکومت کا بڑے پیمانے پر قرض لینا ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہو سکتا ہے، کیونکہ قرضوں کی فراہمی میں اضافہ ہو گا۔

ایک بینکر نے کہا کہ بینک خطرے سے پاک ایزی پیسہ کمانے کے لیے سرکاری کاغذات میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، لیکن نجی شعبے کو مارکیٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

اس کی بنیادی وجہ حال ہی میں شرح سود میں 1.5 فیصد سے 20.5 فیصد تک کمی ہے، تاجر برادری بھی اس شرح کو زیادہ سمجھتی ہے اور اسے مہنگائی کی شرح کے قریب لانے کا مطالبہ کر رہی ہے، مئی میں مہنگائی کی شرح 11.8 فیصد تھی اور تاجر برادری شرح سود کو 13 سے 14 فیصد تک کم کرنا چاہتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2024
کارٹون : 27 جون 2024