• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:02pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

کے الیکٹرک کو خریدنے کا اعلان کرنے والے علی شیخانی کون ہیں؟

شائع June 28, 2024
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو خریدنے کا اعلان کرنے کے بعد لوگ انٹرنیٹ پر کاروباری شخص علی شیخانی سے متعلق تفصیلات تلاش کرتے دکھائی دیے۔

علی شیخانی کی جانب سے کے الیکٹرک کو خریدنے کے اعلان کی ویڈیو فلاحی تنظیم جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے فیس بک سے شیئر کی گئی، جس میں صنعت کار بجلی کمپنی کو خریدنے کا اعلان کرتے دکھائی دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جے ڈی سی کے سربراہ کو کہا ہے کہ وہ معلوم کریں کہ کے الیکٹرک فروخت ہوچکی یا فروخت ہونے والی ہے اور اسے خریدنے کا کیا طریقہ کار ہے؟

انہوں نے کہا کہ انہیں پیسے کمانے کا شوق نہیں اور نہ ہی وہ کراچی والوں سے پیسے لوٹیں گے بلکہ وہ اپنے شہر کے لوگوں کو تکلیف سے نکالنے کے لیے کے الیکٹرک خریدیں گے۔

انہوں نے بجلی کمپنی کو خریدنے کا اعلان کرنے کے ساتھ کراچی میں بے امنی پر بھی بات کی اور کہا کہ شہر میں موبائل فون نہ دینے پر لوگوں کو گولیاں مار دی جاتی ہیں۔

اسی طرح انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری لوڈشیڈنگ کے عذاب سے پریشان اور تنگ ہیں، وہ انہیں تحفظ اور سکون فراہم کرنے کے لیے بجلی کمپنی خریدنا چاہتے ہیں۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے اس اعلان کے بعد لوگ یہ سوال بھی کرتے دکھائی دیے کہ کیا علی شیخانی کے پاس اتنی دولت ہے کہ وہ بجلی کی کمپنی کو خرید سکیں ؟

علی شیخانی کے نام سے بنی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق وہ کراچی میں پیدا ہوئے لیکن ان کی زیادہ تر زندگی امریکا میں گزری اور انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں بطور پولیس افسر بھی کام کیا اور بعد ازاں انہوں نے کاروبار شروع کیا۔

علی شیخانی نے محض 12 سال قبل یعنی 2012 میں شیخانی گروپ کے نام سے ادارہ بنایا، جس نے امریکی ریاست ٹیکساس سے ہی کاروبار کا آغاز کیا، جس کے بعد اس نے پاکستان میں بھی کاروبار شروع کیا۔

اس وقت تک شیخانی گروپ کے تحت 40 کمپنیاں امریکا اور پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں جب کہ اس گروپ کے پاس 250 ریٹیل دکانوں کے آؤٹ لیٹس بھی ہیں۔

علی شیخانی کی کمپنی میں 2 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں اور انہوں نے گیس اسٹیشنز، پیٹرول پمپس، سولر سمیت انرجی کے دیگر ذرائع میں بھی کاروبار کر رکھا ہے۔

شیخانی گروپ شاپنگ پلازہ بنانے سمیت دیگر ریئل اسٹیٹ کا کام بھی کرتا ہے جب کہ ان گروپ کے اثاثوں سے متعلق ویب سائٹ پر کوئی معلومات دستیاب نہیں۔

علی شیخانی پاکستانی منظر نامے میں اگرچہ ماضی میں بھی آتے رہے ہیں، تاہم حالیہ چند ماہ میں انہیں یہاں زیادہ متحرک دیکھا جا رہا ہے اور خصوصی طور پر وہ کراچی کی سیاست، کاروبار، فلاحی کاموں اور ترقی پر بات کرکے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 1 جولائی 2024
کارٹون : 30 جون 2024