کامران اکمل اور ہربھجن سنگھ کے درمیان کیا گفتگو ہوئی؟ کرکٹر نے بتادیا
قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوران سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ سے گفتگو سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سکھ کمیونٹی سے متعلق اپنے بیان پر ان سے معافی مانگی۔
سوشل میڈیا پر کامران اکمل کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ برمنگھم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے موقع پر سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سے گفتگو کررہے ہیں۔
پاکستان لیجنڈز اور بھارت لیجنڈز کے درمیان گروپ میچ کے بعد ایک یوٹیوبر نے کامران اکمل سے سوال کیا کہ وہ ہربھجن سنگھ سے کیا گفتگو کررہے تھے؟
کامران اکمل نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران مجھ سے ایک غلطی ہوئی تھی اور اس موضوع پر ہربھجن سے بات کررہا تھا کہ میرا ایسا ارادہ ہرگز نہیں تھا اور نہ میں کسی کے مذہب کے بارے میں ایسا سوچ سکتا ہوں، چونکہ میں وہ مجھ سے بڑے ہیں تو اس پر میرا بات کرنا بنتا تھا۔
سابق وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ ہربھجن نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے متعلق مذاق کیا تھا، میں نے اس پر ان سے بھی بات کی اور کہا کہ برائن لارا اور بابراعظم کی کلاس نہیں بنتی اور نہ ہی ان دونوں کا موازنہ بنتا ہے۔
’تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ بابراعظم ایک بہت بڑا کھلاڑی ہے اور پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرچکا ہے، جب کہ بطور کرکٹر ہمیں اس طرح کسی کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے، اور ہربھجن سنگھ نے بھی محسوس کیا کہ ہم سے غلطی ہوئی، یہ چیز ہماری سائیڈ سے نہیں ہونی چاہیے تھی‘۔
حال ہی میں، ہربھجن سنگھ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ میزبان کے سوالات کا جواب دے رہے تھے، تاہم بابراعظم کا نام آتے ہی انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان کی تضحیک کی۔
ویڈیو میں ہربھجن نے سب سے سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے مقابلے میں برائن لارا کو بہتر بلے باز قرار دیا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ برائن لارا یا بابر اعظم بہتر ہیں، جس پر ہربھجن زور زور سے ہنسنے لگے۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا ہمیشہ ایک دباؤ ہوتا ہے اور کھلاڑی گراؤنڈ کے اندر پوری کوشش کرتے ہیں لیکن میچ ختم ہوتے ہی ہم آپس میں ایک دوسرے سے ساتھ گپ شپ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، بس ان سے یہی باتیں چل رہی تھیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران کامران اکمل نے عرفان پٹھان کو ایک اوور میں 3 چوکے اور 2 چھکے مارے تھے، ایک اوورز میں 25 رنز کھانے کے بعد خود بھارتی میڈیا نے بھی عرفان پٹھان کا مذاق اڑایا تھا۔
عرفان پٹھان کو ایک اور میں 5 باؤنڈریز لگانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عرفان پٹھان ایک اچھا باؤلر رہا ہے، اب وہ انجری اور فٹنس نہیں ہے لیکن ٹی20 میں ایسا ہی ہوتا اور مجھے موقع ملا تو میں نے کھل کر بیٹنگ کی۔
خیال رہے کہ ہربھجن سنگھ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران کامران اکمل کے سکھ باؤلر ارشدیب سنگھ سے متعلق ایک بیان پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
کامران اکمل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے دوران یہ بات کہی تھی ’کچھ بھی ہو سکتا ہے، 12 بج گئے ہیں، اور 12 بجے کے بعد کسی سکھ کو اوور نہیں دینا چاہیے‘۔
بعد ازاں، ہربھجن سنگھ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’کامران اکمل کو اس قسم کے مذہبی جذبات بھڑکانے والے نامناسب تبصروں سے گریز کرنا چاہیے‘، انہوں نے کہا ’کامران اکمل، تم کو شرم آنی چاہئے، تمہیں سکھوں کی تاریخ کی معلومات ہونی چاہئیں‘۔
کامران اکمل نے فوری طور پر سکھ کمیونٹی سے معافی مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا ’مجھے اپنے بیان پر افسوس ہے، میرے الفاظ نامناسب تھے، جس پر میں ہربھجن سنگھ اور دنیا بھر کے سکھوں سے معافی مانگتا ہوں‘۔