بنگلہ دیش احتجاج: ہائی کمیشن کا پاکستانی طلبہ کو احتیاط برتنے کا مشورہ
بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کے پیش نظر ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے طلبہ کو اپنی حفاظت کے لیے احتیاط برتنے اور احتجاج سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف سے رابطہ کیا اور بنگلہ دیش میں موجود پاکستانیوں کی خیریت دریافت کی۔
سید معروف نے نائب وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال اور ہائی کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے نے مصیبت میں مبتلا افراد کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحٰٰق ڈار نے پاکستانی ہائی کمیشن کو بنگلہ دیش میں موجود پاکستانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی، خصوصی طور پر ڈھاکا میں موجود پاکستانی طلبہ کی حفاظت سے متعلق ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
اسحٰق ڈار نے سید معروف کو ہدایت دی کہ وہ پاکستانی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
علاوہ ازیں، پاکستانی ہائی کمیشن نے کیمپس میں رہنے والوں کو اپنے ہاسٹل کے کمروں میں رہنے کا مشورہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوگیا، حکومتی اور مخالف گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 6 طلبہ ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں اسکولوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا، جب کہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے نیم فوجی دستوں کو متحرک کر دیا گیا۔