• KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am
  • KHI: Fajr 5:21am Sunrise 6:38am
  • LHR: Fajr 4:55am Sunrise 6:17am
  • ISB: Fajr 5:01am Sunrise 6:25am

جرمنی میں قونصل خانے پر حملہ: ’کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو پاسپورٹ بلاک کیا جائے گا‘

شائع July 21, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی کی، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتار دیا جس پر پاکستانی سفارتی حکام نے جرمن حکام سے شدید احتجاج کیا ہے اور وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ اگر کوئی پاکستانی اس واقعے میں ملوث ہوا تو اس کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی، پاکستانی پرچم کی جگہ افغانی پرچم لہرایا گیا، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پاکستان نے فرینکفرٹ جرمنی میں انتہاپسندگروہ کی جانب سے اپنے قونصل خانے پر حملےکی شدید مذمت کی۔

کوئی پاکستانی ملوث ہوا تو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کیا جائے گا، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ نے کہا کہ تحریک انصاف ان کے اکسائے ہوئے لوگوں نے جرمنی میں ہمارے سفارت خانے پر حملہ کیا جس پر ہم نے جرمنی سے احتجاج کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور سفارتخانے کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کسی پاکستانی کی موجودگی کے حوالے سے چئیرمین نادرا سے کہا ہے کہ وہ ان کی ویڈیو سے نشاندہی کریں، قومی پرچم کی توہین ناقابل برداشت ہے، اس پرچم میں ہمارے شہداءکی لاشیں لپٹی آتی ہیں اور اس پرچم کی سربلندی کے لیے قوم قربانیاں دیتی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ اکثر پاکستانیوں کو تحریک انتشار کی جانب سے اکسایا جاتا ہے، ان کے بہکاوے میں آکر اگر اس واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نکلا اس کا شناختی اور پاسپورٹ بلاک ہوگا اور سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس واقعہ پر جرمنی نے کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس واقعے میں اگر سیاسی عنصر ملوث نکلا تو خان بھی انہیں نہیں بچا سکیں گے۔

جرمنی ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے جرمنی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالاگیا، واقعے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سفارتکاروں کی سلامتی یقینی بنانامیزبان حکومت کی ذمہ داری ہے، جرمن حکام ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں،ترجمان دفترخارجہ

پاکستانی سفارتی حکام نے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

جرمن حکام نے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان نے فرینکفرٹ جرمنی میں انتہاپسندگروہ کی جانب سے اپنےقونصل خانے پرحملےکی شدید مذمت کی ہے۔جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ویاناکنونشنز کے تحت ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانہ کی شدید مذمت

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانہ نے فرینکفرٹ قونصل خانے میں توڑپھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستانی سفارت خانہ جرمن حکام سے رابطے میں ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسی صورتحال دوبارہ نہ ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستانی سفارتخانہ نے اپنی کمیونٹی سے صبر اور سکون سے رہنےکی اپیل کی۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024