اسلام آباد کے 380 غیرقانونی گیسٹ ہاؤسز میں افغان باشندے ٹھہرے ہوئے ہیں، نبیل گبول
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں رکن کمیٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں 380 غیر قانونی گیسٹ ہاوسز ہیں اور ان تمام گیسٹ ہاوسز میں افغان باشندے ٹھہرے ہوئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس راجا خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت ہوا جس میں اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر ایف سی حکام نے بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسمگلنگ کے پیش نظر انگور اڈا بارڈر اس وقت ہر قسم کی اشیا کی ترسیل کے لیے بند ہے۔
ایف سی بلوچستان کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ایف سی نے رات کے تاریکی کے آپریشنز میں مہارت حاصل کی ہے اور ژوب کے علاقے میں آپریشنز بھی کیے ہیں۔
سندھ رینجرز حکام نے آگاہ کیا کہ سندھ حکومت کی درخواست پر تین ونگز کو کچے کے علاقے میں آپریشنز کے لیے تعینات کیا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بریفنگ دیتےہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی کل تعداد 11ہزار 324 ہے اور چینی باشندوں سمیت غیر ملکی باشندوں کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ایک مزید اسپیشل پروٹیکشن یونٹ بنانے جارہی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے پنجاب پولیس کے ساتھ کریمنلز کے ڈیٹا سے متعلق کوآرڈینیشن کی ہے اور سیف سٹی منصوبہ اسلام آباد کے 70 فیصد علاقے کو کور کررہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کی مکمل کوریج کے لیے ہم نے وزارت داخلہ کو مزید کیمروں کے لیے ریکوزیشن بھیجی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ون فائیو کا حالیہ مہینوں کا ڈیٹا حاصل کیا ہے جس پر ہمیں سنگین جرائم کی 57فیصد کم کالز موصول ہوئیں۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں اس وقت 380 غیر قانونی گیسٹ ہاوسز ہیں اور ان تمام گیسٹ ہاوسز میں افغان باشندے ٹھہرے ہوئے ہیں۔
نبیل گبول نے کہا کہ ہم ان باشندوں کی میزبانی کررہے ہیں اور وہ جرمنی میں ہمارے جھنڈے کی بے حرمتی کررہے ہیں۔