ماری پیٹرولیم نے غازیج میں گیس کے ذخائر کا جائزہ کامیابی سے مکمل کرلیا، نتائج حوصلہ افزا
ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) نے غازیج میں گیس کے ذخائر کا جائزہ کامیابی سے مکمل کرلیا، غازیج ملک کی توانائی اور خوراک کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق ماری پیٹرولیم کے حکام نے بتایا کہ جائزے کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور مستقبل میں پاکستان کی توانائی اور خوراک کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، جنوری 2023 میں ماری ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز ایریا میں دریافت ہونے والے غازیج گیس فیلڈ ذخائر نے ہائیڈرو کاربن کی دریافت کے حوالے سے پاکستان میں نئے مواقع کھول دیے ہیں۔
ماری پیٹرولیم کی ٹیم نے تیزی سے جائزہ مکمل کرنے کے عمل میں 4 ایکسپلوریشن ویلز کی ڈرلنگ کی جس کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں، یہ 4 ایکسپلورٹری اور ایک اپریزل ویل سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں، جو ایکسٹینڈڈ ویل ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت تقریبا 30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کر رہے ہیں۔
فیلڈ ڈیولپمنٹ پروگرام پر کام ہو رہا ہے اور جلد ہی ریگولیٹری اپروول کے لیے جمع کروایا جائے گا، ماری پیٹرولیم کی طرف سے اپریل 2024 میں اعلان کردہ اعلامیے کے مطابق شوال میں گیس کی دریافت جو غازیج فیلڈ کے مشرقی جانب ایک الگ فالٹ بلاک میں واقع ہے، غازیج ریزروائر گیس کے لیے اپ سائیڈ پوٹینشل رکھتی ہے جس کا فی الوقت جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایم پی سی ایل نے ترقیاتی اخراجات کو کم کرتے ہوئے ماری فیلڈ کے اندر موجودہ بنیادی ڈھانچے کا فائدہ اٹھایا اور سطح کے اثرات کو کم کیا ہے، اس اسٹریٹیجک نقطہ نظر نے کنویں کے موجودہ مقامات کو کھودنے کے ساتھ ساتھ غازیج کے کنوؤں کے لیے انفیلڈ گیس کی نقل و حمل کے لیے گیس جمع کرنے والے نیٹ ورک کا استعمال کیا۔ جدید ترین ٹیکنالوجیز کی تعیناتی، بشمول ڈائریکشنل ڈرلنگ، جدید نظام اور وائر لائن لاگنگ ٹولز نے مہم کی کارکردگی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔
ایم پی سی ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر/ چیف ایگزیکٹو افسر فہیم حیدر نے غازیج جائزہ پروگرام کو ایک اہم سنگ میل قرار دے دیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمع کیے گئے ڈیٹا نے دریافت کی تکنیکی اور تجارتی عملداری کی تصدیق کی ہے، جس سے ملک کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
فہیم حیدر نے پاکستان کی غیر استعمال شدہ ہائیڈرو کاربن کی موجودگی کو پرامید قرار دیا اور تکنیکی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ نئے ارضیاتی تصورات کی کھوج اور جانچ کرنے میں جدت پسندی اور ہمت سے کام لیں اور جہاں بھی ممکن ہو نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔
ایم پی سی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ریٹائرڈ) نے کمپنی کو اس کی کامیابی پر مبارکباد دی، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ غازیج کی ترقی سے توانائی کی طلب اور رسد کے فرق کو پُر کرنے، کھاد کے پلانٹس کو سپورٹ کرنے، خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور درآمدی متبادل کے ذریعے زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔
ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ 24 فیصد سے زیادہ مارکیٹ شیئر کے ساتھ، پاکستان کی سب سے بڑی گیس پیدا کرنے والی کمپنی ہے، جو ماری ڈی اینڈ پی لیز ایریا ڈھرکی، سندھ میں ملک کے سب سے بڑے گیس کے ذخائر کو چلا رہی ہے۔