کراچی میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ جلد تیار کیا جائے، آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے جامع منصوبہ جلد تیار کیا جائے۔
صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت کراچی کو شہری سیلاب سے بچانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کراچی میں شہری سیلاب روکنے کے لیے جامع منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر تیار کرنا ہوگا، مزید کہا کہ کراچی کو شہری سیلاب سے بچانے کے لیے حکومت سندھ پائیدار اور طویل مدتی حکمت عملی اپنائے ۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق سیوریج اور سیلابی پانی کے مؤثر انتظام کا نظام اپنانا ہوگا۔
یاد رہے کہ 7 جولائی کو امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے تنقید کی تھی کہ اس وقت شہر میں اہم مسئلہ نالوں کی صفائی ہے، بادل برسنےکو تیار ہیں لیکن ان کی کوئی تیاری نہیں ہے، جب کہ شہر میں اربن فلڈنگ کاخطرہ ہے مگر کے ایم سی کہیں نظر نہیں آرہی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2024 اور 2025 کے لیےصوبائی اور وفاقی بجٹ پیش ہوچکا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیان بازی بھی شروع ہوگئی ہے، یہ پارٹیاں وکٹ کے دونوں طرف کھیلتی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ کراچی بلدیہ کا نظام تباہ حال ہے، مئیر مرتضیٰ وہاب شہر کے اسٹیک ہولدرز سے رابطہ بھی نہیں کرتے، اس وقت شہر میں اہم مسئلہ نالوں کی صفائی ہے، بادل برسنےکو تیار ہیں لیکن ان کی کوئی تیاری نہیں ہے۔