• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

سجل علی پربھاس کے ساتھ فلم میں کاسٹ، بھارتی میڈیا

شائع July 23, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کو جنوبی بھارتی اداکار پربھاس کے ساتھ آنے والی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔

بھارتی اخبار مڈ ڈے کے مطابق متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق سجل علی کو ہدایت کار ہنو رگھوپدی کی آنے والی رومانٹک پیرڈ فلم میں کاسٹ کرلیا گیا۔

رپورٹ میں متعدد خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سجل علی کو مرکزی ہیروئن کے طور پر کاسٹ کیا گیا ہے اور وہ پربھاس کے ہمراہ رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔

شوبز ویب سائٹ بولی وڈ شادیز نے بھی اپنی خبر میں متعدد رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارائوں میں شمار ہونے والی سجل علی کو ہیروئن کے طور پر کاسٹ کرلیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پربھاس ان دنوں کیریئر کی 25 ویں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ہمراہ جنوبی کوریا کی اداکارہ ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

مذکورہ فلم کے بعد پربھاس تاریخی رومانوی فلم میں نظر آئیں گے، جس میں ان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ سجل علی کام کرتی دکھائی دیں گی۔

بھارتی فلم میں کاسٹ کیے جانے کی خبروں پر تاحال سجل علی نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

سجل علی اگر پربھاس کے ساتھ فلم میں کام کرتی ہیں تو ان کی کسی بھی بھارتی فلم میں بطور ہیروئن پہلی انٹری ہوگی، تاہم وہ 2017 کی بولی وڈ فلم موم میں کام کر چکی ہیں۔

موم میں سجل علی نے آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی جواں سالہ بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔

اب تقریبا 7 سال بعد یہ خبر سامنے آئی ہے کہ سجل علی کو بھارتی فلم میں کاسٹ کرلیا گیا، تاہم اس حوالے سے اداکارہ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

سجل علی سے قبل حال ہی میں فواد خان کے حوالے سے بھی خبریں سامنے آئی تھیں کہ جلد ہی وہ بھی بولی وڈ اداکارہ وانی کپور کی فلم میں دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 30 اکتوبر 2024
کارٹون : 29 اکتوبر 2024