• KHI: Asr 4:50pm Maghrib 6:32pm
  • LHR: Asr 4:21pm Maghrib 6:04pm
  • ISB: Asr 4:26pm Maghrib 6:10pm
  • KHI: Asr 4:50pm Maghrib 6:32pm
  • LHR: Asr 4:21pm Maghrib 6:04pm
  • ISB: Asr 4:26pm Maghrib 6:10pm

ایسے منصوبے لاتے ہیں جس کا فائدہ 2 ماہ کیلئے نہیں، نسلوں تک منتقل ہو، شرجیل میمن

شائع August 30, 2024
شرجیل میمن: فوٹو: ڈان نیوز
شرجیل میمن: فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نام لیے بغیر مرکز میں اپنی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پنجاب پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 2 ماہ کے لیے نہیں، ایسے منصوبے لاتی ہے جس کا فائدہ نسلوں تک منتقل ہوں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے حکومت سندھ فوری متحرک ہوئی، مون سون بارشوں کے دوران انتظامیہ الرٹ ہے، میئرکراچی نےرات میں شہرکے مختلف علاقوں کے دورے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت تمام اضلاع میں حکومتی مشینری متحرک ہے، ہمارے وزرا، چیئرمین،کونسلر، میئرز سمیت تمام لوگ متحرک ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف زرداری نے خصوصی ہدایات دی ہیں، فریال تالپور نے مختلف اضلاع میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ڈیوٹیز لگائی ہیں۔

’پیپلزپارٹی شوبازیوں پر یقین نہیں رکھتی‘

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بدین میں سب سے زیادہ 168 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، گذشتہ روز سب سےزیادہ بارش ضلع بدین کے تحصیل شہید فاضل راہو میں رکارڈ کی گئی ہے، سندھ میں بارشوں سے مختلف علاقوں میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بدین میں 168 ملی میٹر بارش کے علاوہ،ماتلی میں 164، شہید فاضل راہو میں 190، تلہارمیں 118، ٹنڈوباگو میں 88 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔

صوبوں کے دیگر شہروں میں ریکارڈ کی گئی بارش کے اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرپورخاص 157، ڈگری 159، حسین بخش مری 155، شجاع آباد145،سندھڑی 136 ملی میٹر رکارڈ کی گئی، پتھورو عمرکوٹ 127، کنری میں 120، عمرکوٹ میں 115 ملی میٹر رکارڈ کی گئی، حیدرآباد سٹی 101 اور حیدرآباد کے دیہی علاقوں میں 96، لطیف آباد 101 اور قاسم آباد 168 ملی میٹر رکارڈ کی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 2 لاکھ خاندانوں کو سولر دیے گئے، 2 لاکھ خاندانوں کو 2 ماہ کےلیے نہیں بلکہ زندگی بھر فائدہ ہوگا، پیپلزپارٹی شوبازیوں پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے ایسےکام کیے جس سے لائف ٹائم لوگوں کو ریلیف ملے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کی سستی ترین بجلی تھر کے کوئلے سے بننا شروع ہوگئی ہے، آئندہ نسلیں دیکھیں گی تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی ملے گی۔

’پیپلز پارٹی جلد وفاق میں بھی حکومت بنائے گی‘

سندھ کے صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگ دعوے کرتے ہیں لیکن ان کے صوبوں کےلوگ بھی صوبہ سندھ میں آکرعلاج کرواتے ہیں، سیلاب پنجاب اور کے پی میں بھی آیا تھا لیکن سندھ میں 21 لاکھ گھر بنائے جارہے ہیں، نئے گھروں میں کچے گھروں والے بھی بارشوں میں پناہ لے رہے ہیں، باقی صوبے بھی این آئی سی وی ڈی اور سائبر نائف جیسے ہسپتال بنائیں، سندھ معاونت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہسپتالوں کو عالمی ایوارڈ مل رہے ہیں، خواتین کے لیے پنک بس حکومت سندھ لے کر آئی، چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے تحت لوگوں کو رلیف دینےکی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی جلد وفاق میں بھی حکومت بنائے گی۔

’منشیات فروشی میں ملوث این جی او پکڑا گیا، ان کے پاس میڈیا کے کارڈز بھی تھے‘

شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا کہ نارکو ٹیکس ٹیم نے ایک این جی او کو پکڑا ہےجو منشیات فروشی میں ملوث تھی، ان کے پاس میڈیا کے کارڈز بھی تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول وکالجز میں منشیات کے ٹیسٹ شروع کریں گے، نجی محفلوں اورگھروں میں بھی منشیات کےاستعمال کو روکیں گے، منشیات فروش اورمنشیات استعمال کرنےوالےکوکس صورت معاف نہیں کیاجائےگا۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024