• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ترکیہ: 11 ماہ کی پاکستانی سرجڑی بچیوں کو 14 گھنٹے طویل سرجری کے بعد علیحدہ کر دیا گیا

شائع September 20, 2024
11 ماہ کی جڑواں بچیاں منال اور مرہا — فوٹو: انادولو
11 ماہ کی جڑواں بچیاں منال اور مرہا — فوٹو: انادولو

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں 60 طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے 14 گھنٹوں تک جاری رہنے والے دو مرحلوں پر مشتمل پیچیدہ آپریشن کے بعد پاکستان میں پیدا ہونے والی 11 ماہ کی جڑواں بچیوں کو کامیابی کے ساتھ علیحدہ کردیا۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیدا ہونے والی جڑواں بچیوں مرہا اور منال کے سر جڑے ہوئے تھے، جن کے اہل خانہ مناسب علاج تلاش کرنے سے قاصر تھے، ان کی مدد کی درخواست نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی توجہ مبذول کرائی تھی۔

لندن میں مقیم معروف ماہر اطفال نیورو سرجن اویس جیلانی سے رابطہ کرنے کے بعد ترک صدر طیب اردوان نے یقین دہانی کرائی کہ بچیوں کا علاج ترکیہ میں کیا جائے گا۔

جڑواں بچیاں اس سال مئی میں انقرہ پہنچیں اور انہیں بلکینٹ سٹی ہسپتال میں سخت طبی نگرانی میں رکھا گیا تھا، ان کی علیحدگی دو مراحل میں کی گئی، سرجیکل ٹیم کی قیادت ڈاکٹر اویس جیلانی نے کی جبکہ ان کے ساتھ ترک معالجین ڈاکٹروں میں ہارون ڈیمرسی اور ڈاکٹر حسن مرات ایرگانی بھی شامل تھے۔

14 گھنٹے کا فائنل آپریشن 19 جولائی کو ہوا تھا، جس میں کامیابی سے ان جڑواں بچیوں کے سر کو علیحدہ کیا گیا۔

ہسپتال کے چیف کو آرڈینیٹنگ فزیشن ڈاکٹر عزیز احمد نے انادولو کو بتایا کہ بچیوں کی صحت اور ان کے مسکراتے چہروں کو دیکھ کر ایک ناقابل بیان خوشی ہورہی ہے۔

جڑواں بچیوں کے والدین ریحان علی اور نازیہ پروین نے صدر رجب طیب اردوان، طبی عملہ اور بچیوں کے علاج میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

بچیوں کے والد ریحان علی نے کہا’ ہم بہت خوش ہیں اور ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس آپریشن میں کردار ادا کیا،’ انہوں نے کہا کہ وہ ترک صدر سے ذاتی طور پر مل کر شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

ریحان علی کے مطابق انہیں پاکستان میں بتایا گیا تھا کہ بچیوں کا علاج ممکن نہیں جس کے بعد انہوں نے لندن میں ڈاکٹر اویس جیلانی سے رابطہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025