• KHI: Asr 4:34pm Maghrib 6:13pm
  • LHR: Asr 4:00pm Maghrib 5:40pm
  • ISB: Asr 4:04pm Maghrib 5:44pm
  • KHI: Asr 4:34pm Maghrib 6:13pm
  • LHR: Asr 4:00pm Maghrib 5:40pm
  • ISB: Asr 4:04pm Maghrib 5:44pm

کراچی حملے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہوسکتے، یہ ملک دشمن ہیں، وزیراعظم

شائع October 7, 2024 اپ ڈیٹ October 7, 2024 11:28am
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی ایئرپورٹ دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر پاکستانی نہیں ہوسکتے یہ ملک دشمن ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر کراچی ایئرپورٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات کراچی میں ہونے والے سانحے پر غمزدہ ہوں، حملے میں 2 چینی شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ واقعے کی ہنگامی تحقیقات جاری ہیں، مجرمان جلد انصاف کے کٹہرے میں ہوں گے، بزدلانہ واقعے میں ملوث افراد پاکستانی نہیں بلکہ ملک دشمن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھارکھی جائے گی، پاکستان چینی دوستوں کے ہرطرح کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، چین کی قیادت، عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

دوسری جانب، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں ائیرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق چینی شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق چینی شہریوں کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس المناک واقعہ کے ذمہ داران قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے، بزدل دشمن نے پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش کی۔

بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سے رپورٹ طلب کرلی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے واقعے کے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ کو امن و امان کا قیام یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیےکاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا تھا کہ دہشت گردی کی یہ کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر بھی حملہ ہے، ہم اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکی سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024