• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

13 سالہ انتظار کے بعد رومانیہ اور بلغاریہ شینجن کے ’بارڈر فری‘ زون کا حصہ بن گئے

شائع January 2, 2025
بلغاریہ اور رومانیہ کے درمیان جیورجیو-روس سرحد پر بلغاریہ کی ایک خاتون جشن منا رہی ہے — فوٹو: اے ایف پی
بلغاریہ اور رومانیہ کے درمیان جیورجیو-روس سرحد پر بلغاریہ کی ایک خاتون جشن منا رہی ہے — فوٹو: اے ایف پی

13 سالہ انتظار کے بعد رومانیہ اور بلغاریہ شینجن زون کے مکمل رکن بن گئے، جس کے بعد شینجن کا سرحدوں کے بغیر علاقہ 29 رکن ممالک تک بڑھا دیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ توسیع اس وقت ممکن ہوئی جب آسٹریا اور دیگر ارکان نے سابق کمیونسٹ ممالک کی شمولیت پر اپنے اعتراضات واپس لے لیے، اس حوالے سے باضابطہ طور پر یکم جنوری کو نصف شب کے وقت مختلف سرحدی مقامات پر تقاریب منعقد کی گئیں۔

رومانیہ اور بلغاریہ، جو 2007 سے یورپی یونین کے رکن ہیں، دونوں ممالک کو مارچ میں جزوی طور پر شینجن زون میں شامل کیا گیا تھا، جس سے بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر سرحدی چیکنگ ختم ہوگئی تھی۔

تاہم آسٹریا نے تارکین وطن کے خدشات کے پیش نظر ان دونوں ممالک کے شہریوں کے مکمل داخلے کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کا مطلب زمینی سرحدی گزرگاہوں پر کنٹرول نافذ رہنا تھا۔

ویانا نے گزشتہ دسمبر میں اپنی ویٹو کی دھمکی کو اس وقت واپس لے لیا تھا، جب تینوں ممالک سرحدی تحفظ پیکیج پر ایک معاہدے پر پہنچ گئے تھے، جس سے یورپی یونین کے 2 غریب ترین ممالک رومانیہ اور بلغاریہ کے لیے شینجن میں شامل ہونے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔

1985 میں قائم ہونے والے اس زون میں اب یورپی یونین کے 27 میں سے 25 ارکان کے ساتھ ساتھ سوئٹزرلینڈ، ناروے، آئس لینڈ اور لیخٹینسٹائن شامل ہوں گے، جو 40 کروڑ سے زائد افراد کی مجموعی آبادی کا احاطہ کرتے ہیں، رومانیہ اور بلغاریہ نے 2011 سے رکنیت کے لیے شینجن زون کی تکنیکی ضروریات کو پورا کیا تھا۔

تجزیہ کار ویلنٹین نومیسکو کا کہنا ہے کہ جب بھی رکن ممالک نے اس میں شامل ہونے کی کوشش کی تو اعتراض کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ یورپی یونین مخالف جماعتوں کی طرف سے مایوسی کا ایک ذریعہ بن گیا، جنہوں نے الزام لگایا کہ رومانیہ کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جا رہا ہے، یہ ناراضی رومانیہ کے حالیہ صدارتی انتخاب میں سامنے آئی تھی، جس میں انتہائی دائیں بازو کے امیدوار کیلن جارجسکو نے پہلے مرحلے میں حیرت انگیز کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد روسی مداخلت کے دعوؤں کے بعد انتخابات منسوخ کر دیے گئے تھے۔

شینجن زون 1985 میں یورپی یونین کے 5 ممالک فرانس، جرمنی، بیلجیم، نیدرلینڈز اور لکسمبرگ کے مابین ایک بین الحکومتی منصوبے کے طور پر قائم کیا گیا تھا، یہ آہستہ آہستہ دنیا کا سب سے بڑا مفت سفری علاقہ بن گیا ہے۔

تاہم نیدرلینڈز، آسٹریا اور جرمنی سمیت شینجن کے متعدد رکن ممالک نے اس سال نقل مکانی سے لے کر سلامتی تک کے خدشات کے پیش نظر کچھ زمینی سرحدی چیک پوائنٹس کو بحال کر دیا ہے، یورپی یونین کے کچھ عہدیداروں نے متنبہ کیا ہے کہ دوبارہ عائد کردہ نگرانی کے اقدامات اسکیم کے مقاصد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

بلغاریہ اور رومانیہ کے جزوی طور پر داخلے سے قبل شینجن یورپی یونین کے 27 میں سے 23 ممالک پر مشتمل تھا، جن میں سوئٹزرلینڈ، ناروے، آئس لینڈ اور لیخٹینسٹائن بھی شامل تھے، تقریباً 35 لاکھ افراد روزانہ شینجن کی اندرونی سرحد عبور کرتے ہیں اور 4 کروڑ 20 لاکھ افراد سے زیادہ شینجن میں رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025