پاکستان کو دہشتگردی کا چیلنج در پیش، قیام امن کیلئے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی سیاسی استحکام اور امن و امان سے منسلک ہے، آج بھی ہمیں دہشت گردی کا چیلنج در پیش ہے، بد قسمتی سے افغانستان میں عبوری حکومت آئی تو کئی دہشت گرد چھوڑے گئے، جس کے بعد دہشت گردی نے سر اٹھانا شروع کیا، ہم سب کو قیام امن کے لیے ایک پیج پر آنا ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سب معاملہ ماضی اب کا حصہ بن چکا ہے، اس لیے اس پر بات کیے بغیر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے فوجی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار جس طرح قربانیاں دے رہے ہیں، ان کا اعتراف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، ایف سی، فوج سمیت تمام فورسز کے جوان اور افسران روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں، ہمیں اس معاملے پر ایک پیج پر آنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پارا چنار میں امن معاہدہ کروانے میں کردار ادا کرنے والے تمام لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں، لیکن اس سے قبل مسلح تصادم میں سیکڑوں جانیں چلی گئیں، دوبارہ یہ واقعات قیامت تک نہیں ہونے چاہئیں، اس سے پاکستان کا امیج بھی متاثر ہوتا ہے اور ہمارے لوگ اپنی قیمتی جانوں سے بھی جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت بھی مضبوط ہوگی، ان شا اللہ 2025 پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ہوگا، آج پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری دکھائی دے رہی ہے، ہم نے بجلی کی قیمتیں بھی کم کرنی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2024 میں ہماری حکومت کے ساڑھے 9 ماہ کے دوران مہنگائی میں ساڑھے 6 سال کی تاریخی کمی ہوئی، شرح سود میں کمی کے بعد 13 فیصد پر ہے، گزشتہ 5 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات بڑھ گئیں، زر مبادلہ ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر ساڑھے 12 ارب ڈالر کی مستحکم پوزیشن پر آگئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ سب اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ نیا سال پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں نمایاں کردار ادا کرے گا، تاہم اس کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ سمیت تمام شرکا کو میں نئے سال کی مبارک باد دیتا ہوں، امید کرتا ہوں، گزشتہ سال کی طرح نئے سال میں بھی آپ سب پاکستان کے میکرو اکنامک انڈی کیٹرز کو بہتر بنانے میں اپنا کردار نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے من حیث القوم ہم سب کوششیں کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کو اس مختصر عرصے میں اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم ان بحرانوں سے نمٹنے میں کامیاب رہے، چاول کی برآمدات سے 4 ارب ڈالر قومی خزانے میں آئے، سر پلس چینی کی ایکسپورٹ سے 50 کروڑ ڈالر خزانے میں آرہے ہیں، چینی کی ایکسپورٹ کی وجہ سے اسمگلنگ بھی رک گئی۔
وزیرعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے آئل کی اسمگلنگ کو بھی خاطر خواہ نچلی سطح پر لایا ہے، اسی لیے تیل کی کھپت بڑھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہت بڑا موقع ہے کہ اس وقت وسطی ایشیائی ریاستوں بشمول آذربائیجان، ازبکستان سمیت تمام ممالک چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے روابط بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری ہو۔
انہوں نے کہا کہ این ایل سی اب ہمارے کارگو جو لے کر جا رہا ہے، اب روس تک شمالی علاقوں کو کور کر رہا ہے، بزنس ٹو بزنس تعلقات بڑھانے کا یہ نادر موقع ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بینکوں نے شرح سود 22 فیصد تک پہنچنے کے بعد بڑے منافع کمائے، اے ڈی آر کی شرط لانے کے بعد ہم نے 72 ارب روپے ان سے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سمیت بہت سے دیانت دار افسران یہاں موجود ہیں، ان سب کی محنت سے اب جو اعداد و شمار آئے ہیں، پہلی بار کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹریکشن شروع ہوچکا ہے، کنٹینرز کو کلیئر کرنے کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے، کاروباری حضرات نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے، پورٹ پر گاڑیوں کا رش بھی کم ہوگیا، بیک لاگ ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابیاں ٹیم ورک کے مرہون منت ہیں، وفاق اور صوبوں سمیت ہر ایک نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، سر جوڑ کر آئندہ بھی کام کریں گے، تو پاکستان اقوام عالم میں سر اٹھاکر چلے گا، لیکن واضح کردوں کہ یہ سب پاکستان میں امن و امان کے استحکام سے منسلک ہے۔