• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

شائع January 6, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 615 رنز کے جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 194 پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔

دوسری اننگز میں بھی بلے بازوں کی جانب سے خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے پر قومی ٹیم پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلارہے تھے تاہم شان مسعود، بابراعظم، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی مزاحمت کی بدولت شاہینوں نے دوسری اننگز میں 478 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 58 رنز کا ہدف دیا تھا جو انہوں نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

چوتھے دن پاکستان نے ایک وکٹ پر 213 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، شان مسعود 102 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد 8 رنز سے اپنی اننگز جاری رکھی، خرم شہزاد 18 رنز پر مارکرو جانسن کا شکار بن گئے۔

پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہوگئی، قومی ٹیم کو فالو آن کا خطرہ ٹالنے کے لیے 416 رنز بنانا ضروری تھی تاہم قومی بیٹنگ لائن پروٹیز باؤلرز کے آگے لڑکھڑاگئی اور صرف 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان دوسری اننگز

گزشتہ روز پاکستان کو دوسری اننگز میں واحد نقصان صائم ایوب کی انجری کی وجہ سے اوپننگ کرنے والے بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 81 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تھے۔

کھیل کے چوتھے روز نائٹ واچ مین خرم شہزاد 18 اور کامران غلام 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ نائب کپتان سعود شکیل 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان شان مسعود نے سنچری اسکور کی تاہم ان کی ہمت 145 رنز پر جواب دے گئی، محمد رضوان 41، سلمان علی آغا 48، عامر جمال 34 اور میر حمزہ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور کگیسو رباڈا نے 3،3 جب کہ مارکو جانسن نے 2 اور کوینا مفاکا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ پہلی اننگز

جنوبی افریقہ نے ریان ریکلٹن 259، ٹمبا باؤما 106، کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 194 رنز ہی بناسکی اور یوں میزبان ٹیم کو 421 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گر گئی، جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مرکرم 17 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے ویان مُلڈر بھی 5 رنز بنانے کے بعد 70 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ تیسرے نمبر پر آنے والے ٹرسٹن اسٹبز کھاتہ کھولے بغیر ہی آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد پروٹیرز کے کپتان ٹمبا باووما اور ریان رکلٹن نے چوتھی وکٹ پر 235 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لے آئے، ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ریان رکلٹن نے نہ صرف پہلی ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ کریئر بیسٹ 259 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ویرین نے بھی شاندار اننگز کھیل کر اپنی چوتھی سنچری مکمل کی، مارکرو جانسن نے 62 اور کیشو مہاراج نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جب کہ خرم شہزاد اور میر حمزہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان پہلی اننگز

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں قومی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ٹاپ آرڈر بلے باز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر اور کامران غلام 12 رنز بناکر کھیل کے دوسرے روز ہی آؤٹ ہوگئے تھے۔

پاکستان نے تیسرے دن 3 وکٹ پر 64 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو بابراعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز بناکر کریز پر موجود تھے، بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی اننگز کو مزید آگے نہیں بڑھاسکے اور 58 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان بھی کریز پر سیٹ ہوگئے تھے لیکن ایک غیر ضروری شارٹ مارنے کے چکر میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سلمان علی آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14، میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا 3، کیشو مہاراج اور کوینا مفاکا 2،2 جب کہ مارکرو جانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، میچ کے پہلے روز ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے، شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025