سلمان خان سمیت دیگر اداکاروں نے میرے اسٹائل کو کاپی کیا، حسن جہانگیر
ماضی کے مقبول گلوکار، نغمہ نگار و موسیقار حسن جہانگیر نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان سمیت متعدد بولی وڈ اداکاروں نے ان کے اسٹائل کو کاپی کیا۔
حسن جہانگیر نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میوزک کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بھی باقیوں کی طرح بولی وڈ فلمیں دیکھ کر اور گانے سن کر بڑے ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی نوٹ کیا کہ بولی وڈ میں گانا کوئی گاتا ہے، اسے لکھتا کوئی اور ہے، اس کی میوزک کوئی اور ترتیب دیتا ہے جب کہ کوریوگرافی دوسرا شخص کرتا ہے۔
حسن جہانگیر نے بتایا کہ انہوں نے اسی وقت ہی سوچا کہ وہ تمام خود کریں گے اور پھر ایسا ہی ہوا، انہوں نے ہر کام خود کیا، انہوں نے نئے ٹرینڈز اور انداز متعارف کرائے۔
گلوکار کے مطابق اگرچہ انہوں نے متھن چکرورتی اور جیتیندر جیسے اداکاروں سمیت اس وقت کے ہولی وڈ کے مقبول اداکاروں کے انداز کو دیکھ کر انداز اپنائے، تاہم بعد میں آنے والے اداکاروں نے ان کے اسٹائل کو کاپی کیا۔
انہوں بتایا کہ ’ہوا ہوا‘ گانے کے مقبول ہونے کے بعد وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی مقبول ہوگئے تھے اور ان کا مذکورہ گانا گردوارا سے لے کر مندر تک ہر جگہ چلنے لگا تھا۔
حسن جہانگیر کا کہنا تھا کہ وہ 1978 اور 79 میں بھارت میں آگ لگا رہے تھے، وہ وہاں کے مقبول گلوکار بن چکے تھے،وہ وہاں جاکر کنسرٹس کرنے لگے تھے۔
انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلے گلوکار ہیں جنہوں نے اپنے میوزک کنسرٹ کے دوران شرٹ اتار پھینکی تھی اور بعد میں آنے والے اداکاروں نے انہیں کاپی کیا۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ سلمان خان کب اسٹار بنے تھے؟ سلمان خان کے اسٹار بننے سے قبل وہ 1979 میں بھارت میں آگ لگا چکے تھے، وہ نئے ٹرینڈز اور اسٹائل متعارف کرا رہے تھے۔ حسن جہانگیر نے دعویٰ کیا کہ سلمان خان سمیت بعد میں آنے والے اداکاروں نے ان کے اسٹائل کو کاپی کیا جب کہ انہوں نے خود ہولی وڈ کے ماضی کے مقبول اداکاروں کو دیکھ کر اسٹائل اپنائے تھے۔