لاہور: شیرا کوٹ کے علاقے میں سابق ایس ایچ او قتل، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں سابق ایس ایچ او تھانہ لاری اڈا کو قتل کر دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو ان کے کار خاص نے فائرنگ کرکے قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نیازی شیرا کوٹ کے علاقے بابو صابر کے قریب رہائش پذیر تھا، جہاں ان کے گھر کے قریب ہی کار خاص عدیل بھی رہائش پذیر ہے۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے کسی بات پر عدیل کو ڈانٹا تھا، جس سے دلبرداشتہ ہو کر عدیل نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آکر سیف اللہ نیازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفر ی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔
دوسری جانب شیرا کوٹ ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر کے قاتل کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈولفن اسکواڈ نے بتایا کہ ڈولفن کی ٹیم فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تھی، ڈولفن ٹیم 102 نے ملزم عدیل کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ معمولی تلخ کلامی پر پیش آیا تھا، موقع پر اعلیٰ افسران موجود ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہے۔