• KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm
  • KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:50pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:50pm

اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار

شائع January 21, 2025
—  فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کیس کی سماعت سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے کی، علی امین گنڈاپور کی جانب سے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کی۔

فاضل جج نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مستردکرتے ہوئے ملزم کے وکیل سے کہا کہ ہر تاریخ پر آپ استثنیٰ کی درخواست دیتے ہیں، ملزم علی امین گنڈاپور کو پیش نہیں کرتے۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ ملزم کی بریت کی درخواست پر پہلے فیصلہ کریں، اس حوالے سے عدالتی حکم موجود ہے۔

جج مبشر حسن چشتی نے ریمارکس دیئے کہ آپ استثنی کی درخواستیں دے کر صرف عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں، ملزم کے متعدد بار وارنٹ جاری ہوئے لیکن تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کروائی جارہی۔

عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر علی امین گنڈاپور گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کرلی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کردی۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں، اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بنی گالہ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے 5 کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، 6 میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے ہیں۔

موجودہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی کے رہنما نے پولیس کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 2 لائسنس یافتہ کلاشنکوف رائفلوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اور گاڑی میں اسلحہ کا لائسنس موجود تھا۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ شراب کی بوتل میں شہد لے کر جا رہے تھے، جسے پولیس اہلکاروں نے ضبط کر لیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جنوری 2025
کارٹون : 21 جنوری 2025