دنیا

سعودی عرب: ہوائی جہاز کی خاتون انٹیریئر ڈیزائنر

نوجوان اروا سلیم نے نسمہ ایئرلائنز کے ہوائی جہاز کا انٹیریئر، اس کے ڈھانچے کے رنگ اور لوگو کی ڈیزائننگ کی۔

جدہ: ایک نوجوان سعودی خاتون نے قاہرہ کی نسمہ ایئرلائنز کے تین ہوائی جہازوں کے اندرونی حصوں کو ڈیزائن کیا ہے۔ یہ مصری کمپنی ہے جس کا سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک اشتراک قائم ہے۔

اروا سلیم نے جہاز کے مرکزی ڈھانچے کے رنگ تجویز کیا اور اس کا لوگو ڈیزائن کیا۔

جدہ میں اروا سلیم نسمہ ایئرلائن کے لیے کام کررہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ کام اتنا آسان نہیں تھا۔

انہوں نے اردن یونیورسٹی سے گرافک ڈیزائن کی تعلیم حاصل کی ہے، وہ کہتی ہیں کہ ”گرافک ڈیزائن اور ڈیکوریشن کے لیے تخلیقی اور فنکارانہ صلاحیتوں اور مختلف ثقافتوں کے بارے میں معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔“

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ہوائی جہاز کے ڈھانچے اور انٹیریئر کے لیے رنگوں کے انتخاب میں سب سے زیادہ مشکل پیش آئی تھی۔ؕ

انہوں نے جہاز کے ڈھانچے کے لیے گرے رنگ کے حق میں فیصلہ کیا، جو کہ کمپنی کی نمائندگی کرتا تھا، اور پیلا رنگ انٹیریئر کے لیے جو مصری ثقافت کو ظاہر کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ”یہ میرے لیے مشکل کام تھا، اس لیے کہ مجھے دیگر عالمی ایئرلائنز کے مخصوص رنگوں سے اس کمپنی کے ہوائی جہازوں کو ایک منفرد رنگ دینا تھا۔“

”میں خوشی سے اچھل پڑی جب مجھے پتہ چلا کہ میرے ڈیزائن کو منظور کرلیا گیا ہے۔ؕ“

وہ اپنی کامیابی کو نسمہ ایئرلائنز اور اپنی خود اعتمادی سے منسوب کرتی ہیں۔

اروا سلیم کو بہت فخر محسوس ہوتا ہے، جب وہ نسمہ ایئرلائنز کے ہوائی جہاز کو پیلے اور سرمئی رنگوں اور ان کے ڈیزائن کردہ لوگو کے ساتھ آسمان میں پرواز کرتا دیکھتی ہیں۔