پاکستان

'اہم فیصلوں کاحصہ رہنے والے رازداری سے کام لیں'

چوہدری نثار کہتے ہیں کہ میڈیا کےدور میں زبان کی ذرا سی لغزش سنگین صورتحال پیداکرسکتی ہے۔

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سینئر ریٹائرڈ افسر کو بیان دیتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے کیونکہ میڈیا کےدور میں زبان کی ذرا سی لغزش سنگین صورتحال پیداکرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہم فیصلوں کاحصہ رہنے والے لوگ رازداری سے کام لیں۔

ڈان نیوز کے مطابق چوہدری نثار نے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اطہر عباس کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئرریٹائرڈ افسران بیان دیتے ہوئے احتیاط سے کام لیں کیونکہ رازداری میں ہی ملک اور قوم کی فلاح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہم فیصلوں کا حصہ رہنے والوں کو زیادہ احتیاط سے کام لینا چاہیے، تدبر اور تدبیر ملک و قوم کے لیے بہتر ہے۔


"ناراض وفاقی وزیر داخلہ کو منا لیا گیا"


اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے 30 سے زائد اراکین اعلٰی قیادت سے ناراض ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ کو منانے کے لیے پنجاب ہاؤس گئے اور ان کی خیریت بھی دریافت کی۔

ذرائع کے مطابق 30 کے لگ بھگ ارکان قومی اسمبلی نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔

دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے بعد ارکان باہر آئے تو انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ کسی کو منانے نہیں بلکہ وزیر داخلہ کی عیادت کرنے گئے تھے۔