ہندوستانی قید سے 9 پاکستانی رہا
لاہور : ہندوستان نے اینی جیلوں میں قید نو پاکستانی شہریوں کو رہا کرنے کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کردیا ہے۔
انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس نے رہا کیے جانے والے نو افراد جن میں پانچ ماہی گیر اور چار عام شہری شامل ہیں، کو واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رینجرز حکام نے رہا ہونے والے پاکستانیوں کا واہگہ بارڈر پر پھول نچھاور کرکے استقبال کیا۔
رہا ہونے والے افراد کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا جائے گا جو انہیں گھروں تک پہنچائے گی۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی ہندوستان سے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رہا ہونے والوں میں پانچ ماہی گیر اور چارعام شہری شامل ہیں۔
|
یاد رہے کہ اب ہندوستان میں قید پاکستانیوں کی تعداد 396 رہ گئی ہے جن میں 139 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔
تین دن قبل یکم جولائی کو پاکستان اور ہندوستان نے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا۔
پاکستان اور ہندوستان میں ان فہرستوں کا تبادلہ مئی 2008 کے ایک معاہدے کے تحت ہوتا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک سال میں دو بار یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔