آپریشن 021 عید الا ضحیٰ پر ریلیز ہوگی
کراچی: خبر ہے اُن تمام شائقین کے لیے جو پاکستانی جاسوسی پر مبنی ایکشن تھرل فلم 'آپریشن 021' کی نمائش کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
فلم 'آپریشن 021' اس سال اگست کے بجائے اکتوبر میں عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری ہونے والے اس اعلان کے ساتھ ہی یومِ آزادی کے موقع پر اس کی ریلیز کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام افواہوں نے دَم توڑ دیا ہے۔
فلم 'آپریشن 021' بنانے والی ٹیم نے واضح کیا کہ اس سے قبل فلم کی نمائش کی کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا اور اس حوالے سے تما م خبریں غلط رپورٹنگ کا نتیجہ ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ ' ہم نے فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا لیکن جیسے ہی اس فلم کے بارے میں لوگوں کو علم ہوا، اس حوالے سے افواہیں گردش کرنا شروع ہوگئیں'۔
انھوں نے کہا کہ 'ہم اُس وقت تک خاموش رہے جب تک لیب اور پوسٹ پروڈکشن سپروائزرز کی جانب سے ہمیں یہ نہیں بتایا گیا کہ اب فلم کی نمائش کی تاریخ دی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری طرف سے عید الاضحیٰ ہی اس فلم کی نمائش کی آفیشل تاریخ ہے'۔
اذان سمیع خان نے مزید بتایا کہ فلم 'آپریشن 021' کی نمائش انڈیا میں بھی متوقع ہے۔
انھوں نے کہا کہ ' ہم انڈیا اور پوری دنیا میں مختلف ڈسٹری بیوٹرز سے بات چیت کے مراحل میں ہیں، کیونکہ ہم اس فلم کو ایک انٹرنیشل فلم کے طور پر بھی پیش کرنا چاہتے ہیں'۔
واضح رہے کہ یہ فلم پاکستانی فلم 'وار' کے ریلیز ہونے کے ٹھیک ایک برس بعد ریلیز کی جائے گی ، جس نے پا کستانی فلم انڈسٹری کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے تھے۔
فلم 'آپریشن 021' کو پروڈیوسر زیبا بختار اوراُن کے صاحب زادے اذان سمیع خان نے آسٹریلوی ڈائریکٹر سمر نکس کے اشتراک سے پروڈیوس کیا ہے۔
ون موشن پکچرز کی اس فلم میں شان شاہد مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ دیگر اداکاروں میں شمعون عباسی، آمنہ شیخ اور ایوب کھوسو شامل ہیں۔
اس فلم کو پاکستان کے دیہاتی علاقوں میں فلمایا گیا ہے، جو پاکستان کے سیاسی حالات کے گرد گھومتی ہے اور جس کا مقصد پاکستانی شائقین میں آگہی بیدار کرنا ہے۔