پاکستان

ضربِ عضب:فوج کا مزید دو اہم علاقوں پر کنٹرول

فوج کے مطابق آپریشن منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہا ہے، بویا اور ڈیگان کے علاقوں پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری

اسلام آباد: آپریشن ضرب عضب کے دوران سیکیورٹی فورسز نے میران شاہ کے بعد عسکریت پسندوں کے اہم مراکز بویا اور ڈیگان سے بھی ان کا قبضہ ختم کر دیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبہ بندی کے عین مطابق آگے بڑھ رہا ہے جبکہ بویا اور ڈیگان کے علاقوں میں صورتحال پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ماشکی، ہرمز اور میر علی بازار میں گھر گھر تلاشی کا سلسلہ خصوصی دستوں کی مدد سے کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی اور گردو نواح میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کی جانب سے راکٹ اور مارٹر حملوں کے ساتھ بھاری ہتھیاروں اور اسنائپرز کے ذریعے حملے کیے جا رہے ہیں، گزشتہ روز بھی ایک جھڑپ کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب سے 12بارودی سرنگوں (آئی ای ڈیز) کو گزشتہ روز ناکارہ بنایا گیا جبکہ بارودی سرنگیں بنانے کی ایک اور فیکٹری بھی دریافت کی گئی جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ وبارود اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی والی معلومات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ خالد ربانی نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، بویا اور ڈیگان کا دورہ کیا اور آپریشن میں مصروف دستوں سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں نقل مکانی کرکے آنے والے آئی ڈی پیز کے ریلیف کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بنوں، ڈی آئی خان اور ٹانک میں آئی ڈی پیز میں ایک لاکھ 33ہزار راشن کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں دوسری جانب ملک بھر میں پاکستان آرمی کی جانب سے قائم کیے جانے والے 59کیمپوں میں 1639ٹن رشن جمع کیا جا چکا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بنوں میں خلیفہ گل نواز اسپتال میں آرمی کی جانب سے قائم کیے جانے والے فیلڈ میڈیکل اسپتال میں 30ہزار مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 16ہزار سے زائد مویشیوں کے لیے بھی ویٹرنری ٹریٹمنٹ کا انتظام کیا گیا جبکہ 40ہزار 278 مویشیوں اور 5لاکھ 66ہزار 393 گھریلو پرندوں کی ویکسینیشن کی گئی۔