اسرائیلی جارحیت: نواز شریف کا ملک میں یومِ سوگ کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی کی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر غزہ سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعہ کے روز پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
غزہ کی صورت حال پروزیراعظم نوازشریف کی جانب سے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نوازشریف نے غزہ کے متاثرین کے لیے 10لاکھ ڈالر امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل نے 7 اور 8 جولائی کی درمیان شب سے حملے شروع کیے تھے، اسرائیلی جارحیت کو 17 دن مکمل ہونے کو ہیں اور اس دوران ہلاکتوں کی تعداد 747 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے اس کے باوجود غزہ پر جارحیت کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک ہلاک ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔
حماس نے بھی اسرائیل کی جانب سے آٹھ سال سے جاری غزہ کا محاصرہ ختم نہ کرنے تک جنگ جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔
ادھر اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ حماس اس کے لیےایک مضبوط دشمن کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹینینٹ کرنل پیٹر لرنر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ حماس کے جنگجو تربیت یافتہ ہیں، ان کے حوصلے بلند ہیں، ہمارا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے۔
یاد رہے کہ چار روز قبل ہی اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائی کا آغاز کیا تھا، ان چار دنوں میں ہی اسرائیل کے 30سے زائد فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ گزشتہ چند سالوں میں اسرائیل کا بڑا نقصان بتایا جا رہا ہے اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کے یرغمال بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں مگر اس کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔