پاکستان

ضرب عضب: فورسز کی کارروائی میں '7 ازبک دہشت گرد' ہلاک

میرعلی سے 75 راکٹ، بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں اور خودکش جیکٹیں برآمد ہوئیں ہیں،آئی ایس پی آر ترجمان

*شمالی وزیرستان : صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں میران شاہ دتہ خیل روڈ پر پاک فوج کی کارروائی کے نتیجے میں7 مبینہ ازبک دہشت گردوں کو ہلاک ہو گئے ہیں۔ *

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دتہ خیل بازار میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سات مبینہ ازبک دہشت گردوں اور پاک فوج کے دو اہلکاروں نائب صوبیدار مشکور اور لانس نائیک ظہیر کی ہلاکت کی تصدیق کی گئ ہے۔

آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق ‘میران شاہ، میر علی، بویا، دیگان اور دتہ خیل کے علاقے کلیئر کیے جا چکے ہیں، جبکہ میران شاہ اور میرعلی کے گاؤں مومن گل زیارت، درپاخیل، ٹاپی، اسپالگا اور ٹوچی دریا کے جنوب میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران میرعلی کے قریب شہباز خیل کے علاقوں سے 75 راکٹ، بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں اور خودکش جیکٹیں برآمد ہوئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی کے نواح میں عمر کی کلی سے ایک سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سے بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد کیمیکلز اور پروپیگنڈا لٹریچرملا ہے۔