کھیل

احمد شہزاد کے سر میں 'فریکچر'

احمد شہزاد ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز کورے اینڈرسن کی گیند لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔

ابوظہبی : نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے دوران باؤنسر لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کے سر میں معمولی فریکچرکی تشخیص ہوئی ہے۔

احمد شہزاد ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفےسے چند منٹ قبل نیوزی لینڈ کے باؤلر کورے اینڈرسن کی گیند سر میں لگنے سے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ ہٹ وکٹ آؤٹ بھی ہو گئے تھے۔

احمد شہزاد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈان نیوز کے مطابق ان کے سر میں معمولی فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے جس کی وجہ سے اب ان کی ٹیسٹ میں مزید شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔

پی سی بی نے احمد کے سر میں فریکچر کی تصدیق کردی ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر معین خان کے مطابق احمد کے سر میں معمولی فریکچر ہوا ہے تاہم اگلے 48 گھنٹے ان کے انتہائی اہم ہیں جہاں ڈاکٹرز ان کی صحت کا معائنہ کریں گے جس کے بعد مزید کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

احمد شہزاد اپنے کیریئر کے سب سے زیادہ اسکور 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔