دنیا

نائجیریا: ہجوم کے ہاتھوں مشتبہ خودکش بمبار عورت ہلاک

بس اسٹاپ پر جسمانی تلاشی سے انکار پر ہجوم نے خودکش بمبار کے خدشے میں مار مار کر ہلاک کرنے کے بعد عورت کی لاش کو جلا دیا۔

نائجیریا: پولیس اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کل نائجیریا کے شمال مشرقی شہر باؤچی میں ایک خاتون کو خودکش بمبار ہونے کے شبہے میں ہجوم نے مار مار کر ہلاک کردیا اور اس کی لاش کو جلا دیا۔

باؤچی ریاست کی پولیس کے ترجمان ہارونا محمد نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ایک خاتون جس کی اب تک شناخت نہیں ہوئی ہے، نے جب مودا لاول مارکیٹ میں داخل ہوتے وقت اپنی تلاشی دینے سے مبینہ طور پر انکار کیا تو ہجوم نے طیش میں آکر اس پر حملہ کردیا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ہجوم نے اس کو نذرِ آتش کردیا، جب تک پولیس اس کو بچاتی، وہ مرچکی تھی۔ ہارونی محمد نے کہا کہ جائے وقوعہ پر ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو تعینات کیا گیا تھا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ایک عینی شاہد عیسیٰ سفیانو نے بتایا کہ وہ خاتون جس پر شبہ کیا گیا، ایک مرد کے ہمراہ تھی۔ جب اس کی کمر کے دونوں اطراف دو بوتلیں بندھی دیکھی گئیں تو اس نے بس اسٹیشن کے داخلی راستے پر میٹل ڈیٹکٹر سے اپنی جسمانی تلاشی دینے سے انکار کردیا۔