پاکستان کا ڈرون حملوں پر فوری پابندی کا مطالبہ
نیویارک: پاکستان نے امریکی ڈرون حملوں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ سے اپنے خطاب میں موقف اپنایا کہ ڈرون حملے ریاستوں کی علاقائی سالمیت اور داخلی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی انسداد دہشتگردی حکمت عملی کے ضمن میں جنرل اسمبلی میں پیش کردہ قرار داد کے دوران کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ملا اختر منصور پر ڈرون حملہ: 'امریکا نے آگاہ کیا تھا'
انہوں نے مزید کہ اکہ ڈرون حملے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے بھی مترادف ہیں، ڈرون حملوں سے تشدد اور انتہا پسندی میں اضافہ ہوتاہے۔
ملیحہ لودھی نے پاکستان کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے مسلسل ڈرون حملوں اور ان طیاروں کو حملوں کے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی مذمت کی۔ڈاکٹرملیحہ لودھی نے رکن ممالک کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ علاقائی سالمیت اور داخلی خودمتخاری کو متاثر کرنے والے انسداد دہشتگردی کے اقدامات سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے اس طرح کے اقدامات سے منفی نتائج سامنے آئیں گے جبکہ تشدد اور انتہا پسندی میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کی اس بارے میں سفارشات درست سمت میں بروقت اقدام ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔