'اب تک' کی میزبان ثناء فیصل کو فین نے 'زہر' دے دیا
پروگرام 'خفیہ' کی میزبان کو ایک 14 یا 15 سال کے لڑکے نے آئسکریم دی، جسے کھاتے ہی ان کی حالت بگڑ گئی۔
کراچی: نجی نیوز چینل 'اب تک' کے پروگرام 'خفیہ' کی میزبان ثناء فیصل کو مبینہ طور پر ایک مداح لڑکے نے زہر دے دیا۔
'اب تک' کے ذرائع کے مطابق ثناء فیصل گزشتہ رات نارتھ ناظم آباد، حیدری میں اپنے شوہر کے ساتھ آئسکریم کھانے گئی تھیں، جہاں ایک 14 یا 15 سال کے لڑکے نے آٹوگراف لینے کے بعد سیلفی کی خواہش کا اظہار کیا جسے ثناء نے مسترد کردیا۔
کچھ دیر بعد وہ لڑکا دوبارہ آیا اور ثناء کو آئسکریم دینے پر اصرار کیا، کافی پس و پیش کے بعد ثناء نے مذکورہ فین سے آئسکریم لے کر کھائی، جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی اور انہیں ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ثناء فیصل کے شوہر کا دعویٰ ہے کہ آئسکریم مبینہ طور پر زہریلی تھی۔