فیس بک میں نئی پرائیویسی سیٹنگز کا اطلاق شروع
رواں ہفتے سے فیس بک کی جانب سے دنیا بھر میں صارفین سے پرائیویسی سیٹنگز پر نظرثانی کا مشورہ دیئے جانے کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔
یہ مشورہ فیس بک ایپ صارفین کو دیا جائے گا اور انہیں موقع ملے گا کہ وہ جان سکیں کہ یہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کس طرح ان کے ذاتی ڈیٹا کو مختلف پراڈکٹس، چہرے کی شناخت کے فیچر کو ٹارگٹ اشتہارات وغیرہ کے لیے استعمال کرتی ہے۔
مزید پڑھیں : فیس بک کا نئے پرائیویسی کنٹرول متعارف کرانے کا اعلان
اس مہم کا آغاز فیس بک کی جانب سے اپ ڈیٹ شرائط اور سیٹنگز کے لیے کیا جارہا ہے۔
یہ کمپنی دنیا بھر میں صارفین کے لیے یورپی یونین کے یوزر ڈیٹا پرائیویسی ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے اطلاق کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
اس کا تجربہ سب سے پہلے یورپی یونین کے صارفین کو ہوگا جس کا آغاز 25 مئی سے ہورہا ہے۔
تاہم دنیا کے دیگر حصوں میں صارفین کے لیے اس میں کچھ فرق ہوگا۔
یعنی اگر صارفین 2 بار پرائیویسی ریویو کو ڈسمس کردیں گے، ان پر اس کا اطلاق خودکار طور پر ہوجائے گا۔
ریویو میں صارفین کو اشتہارات، چہرے کی شناخت اور پروفائل میں شیئر کی جانے والی معلومات کے حوالے سے نظرثانی کا موقع دیا جائے گا۔
ہر سیکشن میں صارفین جان سکیں گے کہ کس طرح ان کا ڈیٹا اکھٹا کیا جاتا ہے اور پھر اسے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس نظرثانی سے انہیں اپنے ڈیٹا کے حوالے سے بہتر فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ کیمبرج اینالیٹیکا ڈیٹا اسکینڈل کے بعد سے فیس بک کو شدید تنقید کا سامنا ہے جس کے تحت کروڑوں صارفین کے ڈیٹا کو امریکی انتخابات کے دوران ان کی مرضی کے بغیر استعمال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیس بک کے بانی معافی مانگنے پر مجبور
اس معاملے پر مارک زکربرگ کو امریکی ایوان نمائندگان اور یورپی یونین پارلیمنٹ میں پیشیوں کا سامنا بھی ہوا جبکہ مختلف انٹرویوز میں معذرت کی اور اخبارات میں پورے صفحے کے اشتہارات شائع کروا کے معافی مانگی گئی۔