پاک امریکا تعلقات نیا رخ اختیار کرنے والے ہیں، شاہ محمود قریشی
ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اقدام کے باعث سرد مہری کا شکار تھے لیکن امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی بدولت امریکا کے ساتھ تعلقات میں نئے موڑ کا آغاز ہونے جارہا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے حلقہ انتخاب این اے-156 میں حامیوں اور صحافیوں کی منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے افغانستان کے حوالے سے امریکا طالبان مذاکرات، کشمیر کے معاملے پر بھارت کے ساتھ حکومتی حکمتِ عملی اور ہمسایہ ممالک کے تعلقات کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکا کی جانب سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں درج کرنے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات اچھے نہیں رہے لیکن ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کے سبب دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کو 15 سال تک امداد دے کر بیوقوفی کی۔
امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے پسِ پردہ پاکستان کے کردار کے تناظر میں ان کا کہنا تھا کہ ’امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات نیا رخ اختیار کرنے والے ہیں، دوحہ میں امریکا طالبان مذاکرات جاری ہیں جس سے مثبت نتائج کی توقع ہے‘۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’افغانستان میں امن بحال ہونے کی صورت میں ناصرف پاکستان وسطی ایشیا سے سستی توانائی خرید سکتا ہے بلکہ اس سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔