پاکستان

پولیس اچھا کام کرے گی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی، وزیر اعظم

عمران خان نے میانوالی میں ماڈل پولیس اسٹیشن اور نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہواوے آئی سی ٹی لیب کا افتتاح کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تھانہ کچہری اور پٹواری کی سیاست نے ہمیں نقصان پہنچایا جبکہ پولیس اچھا کام کرے گی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔

میانوالی میں سٹی پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام پر وہ محکمہ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جب پولیس اسٹیشن میں کوئی شہری آتا ہے تو اسے اس طرح کا ماحول ملے گا تو وہ پولیس پر اعتماد کرے گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'اگر پولیس اچھا کام کرے تو ملکی تقدیر بدل جاتی ہے، 2002 میں جب میں پہلی بار میانوالی سے رکن قومی اسمبلی بنا تو ان پانچ سالوں میں جب میں حلقے میں جاتا تھا تو سب سے بڑا مسئلہ تھانہ کچہری کا تھا اور سب سے زیادہ درخواستیں بھی اسی حوالے سے آتیں تھیں، جھوٹی ایف آئی آرز ہوتی تھیں، اس وقت سیاستدان تھانے کچہریوں کو کنٹرول کرتے تھے، یہ قدم وہ کسی اچھے کام کے لیے نہیں بلکہ اپنے مخالفین کے خلاف تھانے کو استعمال کرنے کے لیے اٹھاتے تھے، اپنی مرضی کے ایس ایچ او تعینات کر کے اپنے مخالفین کو ڈرایا دھمکایا جاتا تھا اسی لیے پولیس پر اعتماد نہیں تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن نئی سوچ کی شروعات ہیں، نئے پاکستان کا مطلب نئی سوچ ہے، تھانہ کچہری اور پٹواری کی سوچ نے ہمارے ملک کو تباہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماڈرن پولیس اسٹیشن میں عوام کا دھکے کھانے اور سفارش کی بجائے میرٹ پر کام ہوگا، یہ ایک نہایت اچھا اقدام ہے اور یہ ماڈل پولیس اسٹیشن پورے پنجاب کے لیے مثال ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی خیبر پختونخوا حکومت کو قبائلی اضلاع پر توجہ دینے کی ہدایت

انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب پولیس کو خیبر پختونخوا پولیس کی طرز پر دیکھنا چاہتے ہیں، 2013 میں جب ہم نے خیبر پختونخوا میں حکومت سنبھالی تو اس وقت صوبے کو دہشت گردی کا سامنا تھا، اس وجہ سے پولیس کا مورال بہت گر چکا تھا، ہم نے پولیس کا مورال بحال کیا، میرٹ لے کر آئے، بھرتیوں کے لیے این ٹی ایس متعارف کرایا جس کے بعد عوام کی جانب سے پولیس کے حق میں مظاہرے کیے جاتے تھے، ہم پنجاب میں بھی یہی صورتحال دیکھنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، 30 سال کی گورننس سے غلط عادتیں پروان چڑھ چکی ہیں، انگریز کے دور کا نظام درست نہیں کیا گیا، ہم نے اس کو تبدیل کرنا ہے، سارا پنجاب چند سالوں میں ہماری پولیس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

ماڈل پولیس اسٹیشن، آئی سی ٹی لیب کا افتتاح

قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے میانوالی میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا۔

پولیس اسٹیشن آمد پر وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، اس موقع پر آئی جی پنجاب نے پولیس محکمے کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور تھانوں کے نظام میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس کے اقدامات کے تحت صوبے میں 29 ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہواوے آئی سی ٹی لیب کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کو جدید آئی سی ٹی لیب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔