لائف اسٹائل

علی ظفر کے کورونا وائرس پر بنائے گانے سے شائقین ناراض

علی ظفر نے گانے میں لوگوں سے ہاتھ نہ ملانے اور بھیڑ میں جانے کے بجائے گھر میں رہنے کا پیغام دیا۔

پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار علی ظفر نے رواں ماہ یکم مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک گانا جاری کرتے ہوئے واقعی 'میلہ لوٹ لیا' تھا جس کے بعد گزشتہ روز انہوں نے کورونا وائرس کے لیے بھی ایک گانا جاری کیا۔

علی ظفر نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

گانے کا آغاز کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ 'اس وقت تمام انسانیت ایک بہت بڑے بحران سے گزر رہی ہے، جس سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہے اور کیسے لڑیں گے یہ آپ کو بھائی بتائے گا'۔

اس گانے کے بول کچھ یوں تھے: 'میرے خیالوں پہ چھایا ہے ایک وائرس متوالہ سا، اوپر سے شرمیلا سا اندر شیطان کا سالہ سا، رہتا ہے وہ پاس کہیں، سن لو یہ بکواس نہیں، کوکو کورونا، ہاتھوں کو دھونا'۔

گانے میں انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں جبکہ بھیڑ میں جانے کے بجائے گھر میں رہنے کو ترجیح دیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریباً 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: نئے کورونا وائرس کی عام علامات سے واقف ہیں؟

اس عالمی وبا کے باعث اب تک کم از کم 6 ہزار 513 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں۔

پاکستان میں بھی کورونا کیسز کی تعداد کم از کم 94 ہوگئی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں علی ظفر کا یہ گانا شائقین کا دل جیتنے میں کچھ حد تک شاید ناکام ہوگیا۔

جہاں شائقین کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ہیں وہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے علی ظفر کو ایسا گانا تیار کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

انہوں نے لکھا کہ 'زندگی صحیح چل رہی تھی کہ پھر میں نے علی ظفر کا نیا گانا سنا، یہ اتنا عجیب ہے کہ اب میں کسی کو الزام دے سکتی ہوں کہ صبح اٹھ کر مجھے الٹی کیوں آتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کیا کوئی انٹرنیٹ پر علی ظفر پر پابندی عائد کروا سکتا ہے؟'

ان کے مطابق 'علی ظفر 2020 کی عجیب شخصیات بن چکے ہیں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'کاش علی ظفر 2011 میں اپنا البم جھوم ریلیز کرنے کے بعد گلوکاری چھوڑ دیتے'۔

صارف نے میم کے ذریعے علی ظفر کا مذاق بھی اڑایا۔

ان کے مطابق 'علی ظفر لوگوں کو خود سے نفرت کرنے پر مجبور کررہے ہیں، آخر کون ایک وائرس پر گانا بناتا ہے؟'

جہاں لوگوں نے اس گانے پر علی ظفر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہیں ان کا یہ گانا پسند بھی آیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے علی ظفر کے اس گانے کو 'زبردست' قرار دیا۔

اینکر پرسن اقرار الحسن نے بھی اس گانے کی تعریف کی اور لکھا کہ اسے زیادہ سے زیادہ شیئر کرنا چاہیے۔

آپ کو علی ظفر کا یہ گانا کیسا لگا؟ کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے 47 نئے کیسز، ملک میں متاثرین کی تعداد 184 ہوگئی

بھائی کی شادی کے بعد مایا علی والد کی یاد میں آبدیدہ

چینی صدر کی کورونا سے نمٹنے پر تقریر کو تنقید کا نشانہ بنانے والے پراپرٹی ایگزیکٹو لاپتہ