موجودہ حالات میں سیاست گناہ ہے، حکومت کی مدد کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، شہباز شریف
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کورونا وائرس کے سبب ملک کو درپیش کڑے وقت میں سیاست کو بڑا گناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اس معاملے میں حکومت کی مدد کے ملی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا پورا کردار ادا کرنا ہو گا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے کورونا وائرس کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے اندر بھی کورونا وائرس نے شدید حملہ کیا ہے اور جو لوگ اس کی زد میں آکے اللہ کو پیارے ہو گئے ہم سب ان کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: مزید نئے کیسز سے ملک میں متاثرین کی تعداد 903 ہوگئی
ان کا کہنا تھا کہ آج تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان بھر میں 890 کے قریب کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں اور ایک جیل میں بھی کورونا کا مریض سامنے آیا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ حکومت وقت جیلوں میں ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے فی الفور اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج ہمیں کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس سے معاشرے کی تقسیم میں اضافہ ہو، میں لندن میں اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف کے علاج کے لیے رکا ہوا تھا لیکن کورونا وائرس میں پاکستان میں تیزی آئی تو انہوں نے مجھے کہا کہ فی الفور پاکستان لوٹ جاؤ۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ صورتحال اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو دیکھتے ہوئے سیاست کو لانا بڑا گناہ ہو گا اور ہم سب کو اس معاملے میں حکومت کے ملی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا پورا کردار ادا کرنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی وہ غلطی جس کی وجہ سے کورونا پوری دنیا میں پھیل گیا
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مزید کہا کہ صورتحال کو دیکھ کر تمام سیاسی اکابرین، تمام طبقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمیں فی الفور لاک ڈاؤن کی طرف جانا چاہیے، لیکن ایسا نہ ہو سکا اور یہ تعطل کا شکار ہوا لیکن پنجاب حکومت نے اب لاک ڈاؤن اور فوج کی امداد طلب کر کے اس معاملے کو طے کیا۔
ساق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری معیشت بہت کمزور ہے اور معاشرے میں مختلف وجوہات کی بنا پر تقسیم ہے اور ان مسائل کے ساتھ ساتھ ہمیں کوورنا وائرس کا بھی مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا وقت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اس چیلنج کو موقع میں تبدیل کردیں اور اس موقع پر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک قوم بن جائیں اور اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کریں۔