دنیا

نیویارک میں تعلیمی سال کے اختتام تک اسکول بند کرنے کا اعلان

نیویارک کے میئر نے اسکولوں کی بندش کا اعلان کیا لیکن گورنر نے اعلان مسترد کر تے ہوئے اسے میئر کی رائے قرار دیا۔

امریکی شہر نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے پورے تعلیمی سال کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم گورنر نے اس اعلان کی تردید کردی ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق بلاسیو نے کہا کہ نیویارک کے اسکول کورونا وائرس کے باعث پورے تعلیمی سال کے اختتام تک اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے جس سے 11 لاکھ سے زائد بچوں کا 3 ماہ کا تعلیمی حرج ہو گا۔

مزید پڑھیں: امریکا اور اسپین میں مزید ہلاکتیں، دنیا بھر کورونا سے ایک لاکھ 10ہزار اموات

نیویارک میں 16مارچ کو اسکول بند کیے جانے کے بعد سے گھروں سے آن لائن تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس سے تقریباً 10لاکھ والدین پارٹ ٹائم ٹیچر بن گئے ہیں۔

دی بلاسیو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بقیہ پورے سیزن کے لیے اسکول نہیں کھول سکیں گے جو ایک انتہائی دردناک فیصلہ ہے لیکن میرا کہنا ہے کہ یہی سب سے صحیح قدم ہے۔

تاہم میئر کے اعلان کے کچھ دیر بعد ہی نیویارک کے گورنر اینڈریو ایم کومو نے اس اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست یا شہر میں اسکولوں کی بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیر اعظم ہسپتال سے ڈسچارج، زندگی بچانے پر ڈاکٹرز کے شکر گزار

انہوں نے میئر بلاسیو کی جانب سے کیے گئے اعلان کو ان کا اپنا نقطہ نظر قرار دیا۔

یاد رہے کہ نیویارک کے میئر اور گورنر ایک عرصے سے سیاسی حریف ہیں جہاں نیویارک شہر کے میئر عموماً اسکولوں کی بندش کے فیصلے خود کرتے ہیں لیکن گورنر نے کہا کہ ان کے پاس اس بات کا فیصلہ کرنے کا قانونی حق ہے کہ اسکولوں کو کب کھولنا ہے۔

گورنر نے کہا کہ وہ دیگر ریاستوں خصوصاً نیوجرسی اور کنیٹی کٹ کی ریاستوں سے رابطہ کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ اسکول کھولنے کا صحیح وقت کیا ہے۔

گورنر کے اختلاف کے باوجود نیویارک میں اسکول دوبارہ کھلنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ تمام شہروں میں اسکول پہلے ہی بقیہ تعلیمی سال کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب کا مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان

گورنر کا دعویٰ اس لیے بھی ناقابل عمل محسوس ہوتا ہے کہ نیویارک میں والدین کو اسکولوں سے پہلے ہی ای میل موصول ہو چکی ہے جس میں یہ کہا گیا کہ بقیہ تعلیمی سال کے لیے اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اس وقت دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ 20 ہزار سے زائد اموات اور 5 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکی ریاست نیویارک سب سے زیادہ وائرس سے متاثر ہوئی ہے جہاں ملک کے ایک تہائی کیسز یعنی ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا میں مزید 7 اموات، تعداد 93 ہوگئی، متاثرین 5300 سے متجاوز

بھارتی میڈیا کا پاکستان پر کورونا پھیلانے کا الزام بیوقوفانہ ہے، شاہد آفریدی

چین سے دنیا تک پہنچنے والی وبائیں