پاکستان

لوئر کرم میں امام بارگاہ میں دھماکا، ایک شخص زخمی

دھماکا صبح 4 بجے ہوا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں، پولیس اہلکار
|

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کرم کے علاقے شورکی میں دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

مقامی پولیس کے مطابق دھماکا پاک افغان سرحد کے قریبی علاقے شورکی میں ایک مسجد و امام بارگاہ میں ہوا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شخص امام بارگاہ کی نگرانی پر مامور تھا اور اسے علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم دھماکے کے نتیجے میں عمارت منہدم ہوگئی۔

مزید پڑھیں: پشاور: پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، 10 افراد زخمی

اس حوالے سے مقامی پولیس کے ایک عہدیدار یعقوب خان نے بتایا کہ دھماکا صبح 4 بجے کے وقت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا لیکن پولیس کو واقعے میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کا شبہ ہے۔

ادھر ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری، انجمن حسینہ پاراچنار کے سیکریٹری سردار حسین و دیگر افراد نے امام بارگاہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر مذمت کا اظہار کیا۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضلع کرم میں فورسز کی قربانیوں اور عمائدین کی کوششوں سے امن قائم ہوا ہے لیکن دہشت گرد اس قسم کوششوں سے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان: پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امام بارگاہ کی فوری تعمیر اور اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں۔

خیال رہے کہ اتوار کو خیبرپختونخوا کے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تحصیل مہمند کے علاقے دابر میں ایک دیسی ساختہ بم ناکارہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں پشاور میں کارخانو پولیس چیک پوسٹ کے قریب دستی بم حملے میں 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


اضافی رپورٹنگ: جاوید حسین