اگر کورونا بھی دنیا کو تبدیل نہیں کرسکا تو شاید کوئی نہیں کرسکے!
'پاکستان دوراہے پر آ کھڑا ہوا ہے۔'
جب اخبارات پڑھنا شروع کیے تو میرے ذہن اور ذخیرہ الفاظ میں اس جملے نے گھر کرلیا۔
مگر اس بار تو پوری دنیا دوراہے پر آن کھڑی ہے، اور میں یہاں صرف کورونا وائرس کی عالمی وبا کا ذکر نہیں کر رہا ہوں۔ دراصل ہم مختلف بحرانوں کے چوراہے پر ہیں جو ہماری زمین کے لیے تباہی کا سامان بن سکتے ہیں۔ اب چونکہ ان بحرانوں کے ذمہ دار ہم خود انسان ہی ہیں اس لیے ان پر غور و فکر کرنا ہمارا فرض بن جاتا ہے۔
دیکھیے، دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کورونا وائرس کے علاوہ دیگر خطرات جس بڑے پیمانے پر موجود ہیں وہ اتنے ہی زیادہ مہلک بھی ہیں۔
سب سے پہلے بات کرتے ہیں زمین کے ماحولیات کی جو بے مثل تیزی سے زہر آلود ہوتا جارہا ہے۔ برفانی تودوں کے تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے ہمارے سمندروں کی سطح بلند ہوتی جارہی ہے اور ہزاروں میل تک پھیلی ساحلی زمینوں کے زیر آب آنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔