پاکستان

کورونا وبا: ملک میں کورونا کے ریکارڈ 6682 نئے کیسز، مزید 101 اموات

ملک میں مجموعی متاثرین ایک لاکھ 35 ہزار 864، اموات 2593 تک پہنچ گئیں، مجموعی طور پر 50 ہزار 56 لوگ شفایاب ہوگئے۔
| |

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد مجموعی تعدا ایک لاکھ 35 ہزار 864 جبکہ اموات 2596 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ملک بھر میں اب تک 6 ہزار 682 نئے کیسز اور 101 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو آیا تھا اور اب اس وبا کو ساڑھے 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم ابتدا میں اس کے پھیلاؤ میں کمی رہی لیکن اب صورتحال تشویش ناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

پاکستان میں فروری کے آخری دنوں اور مارچ کے پورے مہینے میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں، جس کے بعد اپریل میں صورتحال کچھ تبدیل ہوئی اور اس ماہ کی 30 تاریخ تک متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

تاہم مئی میں صورتحال یکسر ہی تبدیل ہوگئی جس کے بعد جون کا مہینہ مزید خراب صورتحال کو واضح کررہا ہے، گزشتہ ماہ کے 31 روز میں ملک میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں تھیں اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئی تھیں۔

رواں ماہ (جون) کے ابتدائی 12 روز میں صورتحال یہ رہی کہ 58 ہزار سے زائد کیسز اور 975 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (13 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 262 نئے کیسز اور 23 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 51 ہزار 518 تک پہنچ گئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 اموات بھی ہوئیں، جس سے یہ تعداد 816 ہوگئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2705 نئے کیسز اور 48 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 2705 نئے مریض آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 50 ہزار 87 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ صوبے میں ایک روز کے دوران مزید 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 890 سے بڑھ کر 938 ہوگئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور مزید 464 نئے کیسز 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6699 سے بڑھ کر 7 ہزار 163 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں مزید 6 افراد کا انتقال ہوا جس سے اموات کی تعداد 65 سے بڑھ کر 71 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 1035 کیسز کی تصدیق کی جو صوبے میں ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 450 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 19 افراد وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 661 ہوچکی ہے۔

جاں بحق ہونے والے ان 19 مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 4 کی نوشہرہ، کوہاٹ اور اورکزئی میں 2، 2 جبکہ ہنگو، مالاکنڈ، مردان، لوئر دیر، مہمند اور بٹگرام میں ایک، ایک کی اموات واقع ہوئیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 162 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 8028 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 3 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 83 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 14 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز ایک ہزار 30 سے بڑھ کر ایک ہزار 44 ہوگئے۔

مزید یہ کے علاقے میں مزید ایک موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 سے بڑھ کر 16 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اب تک کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں 40 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 534 سے بڑھ کر 574 ہوگئی۔

ساتھ ہی وہاں ایک موت کی تصدیق کی گئی جس سے یہ تعداد 10 سے بڑھ کر 11 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

مزید برآں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آج ایک روز میں ریکارڈ 9 ہزار 809 افراد صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں ایک روز میں صحتیاب ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

ان نئے صحتیاب ہونے والوں کے بعد ملک میں اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 40 ہزار 247 سے بڑھ کر 50 ہزار 56 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 135864

اموات: 2596

صحتیاب: 50056

فعال کیسز: 83212

اس وقت صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 51 ہزار 518 ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 50 ہزار 87 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 17 ہزار 450 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 28 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 ہزار 163 ، گلگت بلتستان میں 1044 اور آزاد کشمیر 574 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 938

سندھ: 816

خیبرپختونخوا: 661

بلوچستان: 83

اسلام آباد: 71

گلگت بلتستان: 16

آزاد کشمیر: 11


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

بجٹ 2020: عوام کے لیے کیا اچھا رہا اور کیا بُرا؟

نیا کورونا وائرس پورے اعصابی نظام کے لیے تباہ کن قرار

کووڈ-19 کے باوجود بجٹ کے اہداف قابل حصول ہیں، مشیرخزانہ