لائف اسٹائل

وادی کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر مبنی فلم ’آرٹیکل 370‘

فلم آرٹیکل 370 کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح بھارتی فوج نے وادی کو اپنی چھاؤنی اور جیل میں تبدیل کیا۔

بھارت نے 5 اگست 2019 کو وادی کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے ’آرٹیکل 370‘ کا خاتمہ کرکے اس کی خودمختار حیثیت کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

رواں سال 5 اگست کو بھارت کے اس ظلم کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال منایا گیا۔

’آرٹیکل 370‘ کے خاتمے کے ایک سال مکمل ہونے پر جہاں پاکستان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومتی سطح پر 5 اگست کو یوم استحصال مناتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی تھی۔

وہیں حکومت پاکستان نے ایک بار پھر آزادی تک کشمیریوں کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حکومت کی طرح عوام، سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

’آرٹیکل 370‘ کے خاتمے کو ایک سال مکمل ہونے پر ویب اسٹریمنگ چینل ’سی پرائم‘ کی جانب سے کشمیریوں کے مسائل دنیا کے سامنے لانے کے لیے ایک مختصر فلم بھی جاری کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر کی کہانی ایک کشمیری کی زبانی

5 اگست کو جاری کی گئی 16 منٹ دورانیے کی مختصر فلم ’آرٹیکل 370‘ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دکھایا گیا ہے۔

مختصر دوانیے کی فلم میں صرف ایک ہی خاندان پر گزرنے والی قیامت کو دکھایا گیا ہے۔

فلم میں ایک ایسے شخص کی حاملہ بیوی اور والدہ کو دکھایا گیا ہے جو ’آرٹیکل 370‘ کے خاتمے والے دن غائب کردیا جاتا ہے اور پھر دو دن بعد اس کی شہادت کی خبر اخبار میں شائع ہوتی ہے۔

فلم میں غائب کیے جانے والے نوجوان کی حاملہ بیوی کو دکھایا گیا ہے جو اپنے شوہر کی واپسی کی منتظر ہوتی ہے اور اس دوران ان کے موبائل سگنل بند ہونے سمیت ان کے گھر کی بجلی بھی بند کردی جاتی ہے۔

لاپتا ہونے والے شوہر کا انتظار کرتی حاملہ بیوی اور ان کی بوڑھی والدہ چند دن تک بیٹے کی راہ دیکھتی ہیں مگر وہ واپس نہیں آتا اور پھر ایک دن اخبار میں اس کی شہادت کی خبر شائع ہوتی ہے۔

یہ ویڈیو بھی دیکھیں: 'کشمیر میں دنیا کے طویل ترین کرفیو کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے'

لاپتا ہونے والے کشمیری نوجوان کی شہادت کی خبر اس وقت شائع ہوتی ہے جب ایک رات قبل ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوتی ہے۔

فلم کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ’آرٹیکل 370‘ کے خاتمے کے وقت کس طرح بھارتی حکومت اور فوج نے پوری وادی کشمیر کو جیل اور چھاؤنی میں تبدیل کرکے کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔

’آرٹیکل 370‘ نامی مختصر فلم کی ہدایات ابراہیم بلوچ نے دی ہیں جب کہ مدیحہ مجید نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم میں مریم نفیس، غزالا کیفی، عبدالمقیت خان اور عارب نے کردار ادا کیے ہیں۔

می ٹو ٹرینڈ کا آغاز کرنے والی امریکی اداکارہ کا کورونا اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف

کیا آپ نے کراچی کے یہ 96 سیاحتی مقامات دیکھے ہیں؟

ملک میں 2 لاکھ 83 ہزار 239 کورونا کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار سے زائد صحتیاب