لائف اسٹائل

رومانوی ڈرامے کے ساتھ ارمینہ خان ٹی وی پر واپسی کے لیے تیار

محبت ہونے کے بعد اپنی ذات سے بے خبر ہونے کی کہانی کے ڈرامے میں حرا مانی اور جنید خان بھی ہوں گے۔

رواں برس ویلن ٹائنز ڈے پر سادگی سے شادی کرکے لوگوں اور مداحوں کو حیران کرنے والی اداکارہ ارمینہ خان کو جلد ان کے مداح چھوٹی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

شارٹ برطانوی فلموں سے اداکاری کی دنیا میں آنے والی ارمینہ خان نے پاکستانی شوبز میں ڈراموں سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کا پہلا ڈراما 2011 میں ریلیز ہوا تھا۔

ارمینہ خان نے ڈراموں میں شاندار اداکاری کے بعد پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہوں نے ’بن روئے‘ سے فلم ڈیبیو کیا تھا۔

ڈراموں کے بعد فلموں میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرنے والی ارمینہ خان گزشتہ تین سال سے ڈراما انڈسٹری سے دور تھیں تاہم اب جلد وہ چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ارمینہ خان نے منگنی کرلی

ارمینہ خان جلد ہی حرا مانی اور جنید خان کے ساتھ رومانوی ڈرامے میں اہم کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

سمیرا افضل کی لکھی گئی کہانی محبت میں مبتلا ہونے کے بعد اپنی ذات سے بے خبری کے گرد گھومتی ہے، جس میں محبت کے بعد نفرت، بدلا اور کئی طرح کی نادانیاں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔

مزید پڑھیں: ارمینہ خان نے ویلنٹائن کے دن خاموشی سے شادی کرلی

رومانوی ڈرامے کے حوالے سے ارمینہ خان نے ڈان امیجز کو بتایا کہ وہ پہلی بار ایک منفرد کردار میں دکھائی دیں گی اور انہیں یقین ہے کہ شائقین ان کے ڈرامے سے محظوظ ہوں گے۔

ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے بعد ٹی وی پر واپسی کر رہی ہیں اور انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ لوگ دوبارہ چھوٹی اسکرین پر انہیں پسند کریں گے یا نہیں؟

ارمینہ خان کے مطابق ڈرامے کی ریلیز کے بعد ہی درست انداز میں ہو سکے گا کہ لوگ انہیں چھوٹی اسکرین پر پسند کر رہے ہیں یا نہیں؟

انہوں نے تین سال بعد ٹی وی پر واپسی کرنے پر ہچکچاہٹ کا اظہار بھی کیا، تاہم ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ چھوٹی اسکرین پر واپسی ان کے لیے اور مداحوں کے لیے اچھا فیصلہ ثابت ہوگا۔

ارمینہ خان کا آنے والا ڈراما ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈرامے کو رواں برس کے آخر یا آئندہ سال تک نشر کیا جائے گا۔

متنازع فلم ریلیز کرنے پر حمزہ عباسی نے نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن ختم کردی

ملک بھر میں تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد دوبارہ کھل گئے

ریپ میں ملوث افراد کو سرعام پھانسی یا نامرد کردینا چاہیے، وزیر اعظم