لائف اسٹائل

’جھوٹ نہ پھیلائیں، حاملہ نہیں ہوں‘

امریکی گلوکار جسٹن بیبر کی اہلیہ کے حوالے سے خبریں تھیں کہ وہ اُمید سے ہیں اور 2021 تک ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

کینیڈین نژاد امریکی گلوکار 26 سالہ جسٹن بیبر کی اہلیہ ماڈل ہیلی بالڈوین المعروف ہیلی بیبر نے اپنے حمل سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

جسٹن بیبر اور ہیلی نے اپریل 2019 میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے فروری 2019 میں شادی کرلی تھی، اس سے قبل دونوں کی شادی کی افواہیں چل رہی تھیں۔

دونوں کی جانب سے خاموشی سے شادی کرنے اور دو ماہ بعد اس کے اعتراف پر ان کے مداح بھی حیران رہ گئے تھے۔

دونوں کی شادی کے فوری بعد یہ خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں کہ دونوں کو والدین بننے کی بڑی جلدی ہے اور بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر ہیلی بیبر شادی سے قبل ہی حاملہ ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹن بیبر کا 2 ماہ بعد خفیہ شادی کا اعتراف

تاہم ایسی خبروں کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی تھی اور پھر ان کی شادی کے تین مہینے بعد ہی دونوں میں سرد مہری کی خبریں سامنے آئیں اور خیال کیا جانے لگا کہ دونوں کی طلاق ہوجائے گی۔

تاہم جسٹن اور ہیلی بیبر کے درمیان اختلافات کی خبروں اور چہ مگوئیوں کی بھی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

دونوں کی شادی، پیار اور اختلافات کی خبروں کے بعد رواں برس اگست میں ایک بار پھر ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش کے امکانات کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔

اگست میں امریکی ویکلی شوبز میگزین یو ایس میگزین نے جسٹن اور ہیلی بابر کی جانب سے اپنے رشتے داروں کے بچوں کے ساتھ پیار کرنے کی تصاویر شائع کرنے سمیت دیگر اداکاروں کے خیالات پر مبنی اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ دونوں 2021 تک والد بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

بعد ازاں یو ایس میگزین نے اکتوبر کے وسط میں بھی اپنے ذرائع سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ جسٹن اور ہیلی بیبر بچوں کی پیدائش کے حوالے سے ایک جیسی ہی سوچ رکھتے ہیں اور دونوں کی خواہش ہے کہ اب خاندان کو آگے بڑھایا جائے۔

رپورٹ میں مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر بتایا گیا تھا کہ جسٹن اور ہیلی بیبر دونوں چچا اور خالہ بن چکے ہیں، اس لیے اب ان کی خواہش ہے کہ ان کے ہاں بھی بچے ہوں۔

یو ایس میگزین کی مذکورہ رپورٹس کو بنیاد بنا کر عالمی میڈیا میں یہ افواہیں پھیلنے لگیں کہ ہیلی بیبر حاملہ ہیں اور ان کے ہاں سال 2021 میں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: گلوکار جسٹن بیبر اور ہیلی بالڈ وین کو والدین بننے کی جلدی

لیکن ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد ہیلی بیبر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں یو ایس میگزین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حاملہ ہونے کی خبروں کو افواہ قرار دیا۔

شوبز ویب سائٹ ای آن لائن کے مطابق ہیلی بیبر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں واضح طور پر یو ایس میگزین کا نام لکھ کر ان کی خبر کو جھوٹا قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق ماڈل نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ یو ایس میگزین نے ہمیشہ ہی فالتو خبریں شائع کیں۔

انہوں نے واضح طور پر لکھا کہ جھوٹ نہ پھیلائیں، وہ حاملہ نہیں ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے میگزین کو مشورہ دیا کہ وہ جھوٹے ذرائع سے خبریں چلانے کے بجائے اس سے زیادہ اہمیت کے موضوع، امریکی انتخابات سے متعلق خبریں شائع کریں۔

فلم میں شوہر کے خلاف ’ریپ‘ کا مقدمہ کروانے کی کوشش دکھانے پر ہدایت کار پر تنقید

راحت فتح علی خان کا ’نشہ‘ لوگوں کو مدہوش کرگیا

شہزادہ چارلس اپنی بہوؤں کیٹ اور میگھن سے زیادہ فیشن ایبل قرار