پاکستان

وبا کے خوف میں کرسمس کی خوشیاں

این سی او سی نے رواں ہفتے کرسمس سے متعلق نئی ہدایات جاری کی تھیں اور تقاریب میں زیادہ رش لگانے سے پرہیز پر زور دیا تھا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت اور جذبے کے ساتھ منایا اور ملک بھر میں گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب ہوئیں جہاں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

رواں برس کرسمس کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سائے تلے منائی گئی، جس سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر جبکہ لاکھوں ہلاکتیں ہو چکی ہیں، اسی طرح یہ وبا پاکستان میں بھی اب تک 9 ہزار سے زیادہ افراد کی جانیں لے چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے رواں ہفتے کے شروع میں کرسمس سے متعلق نئی ہدایات جاری کی تھیں اور کہا تھا کہ خوشی کے موقع پر گھروں میں آنے، جانے اور خاندان کی تقریبات سے گریز کرنا چاہیے، کرسمس شاپنگ کو صرف کم سے کم ضروری سامان تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔

این سی او سی نے تجویز دی تھی کہ مارکیٹوں میں رش نہ لگائیں، روایتی تحفے تحائف کا تبادلے اور بڑے پیمانے پر گھروں میں تقریبات سے وائرس کی منتقلی میں اضافے کا امکان ہے لہٰذا ان سے بھی پرہیز کیا جانا چاہیے۔